عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے رام بن میں قومی شاہراہ پر سڑک کی تعمیر اور ٹریفک کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈی آئی جی ٹریفک، ڈپٹی کمشنر رام بن، پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے آئی رام بن، ایس ایس پی رام بن، ایس ایس پی این ایچ ڈبلیو رام بن نے شرکت کی، رام بن میں نیشنل ہائی وے 44کے زیر تعمیر حصوں پر ہموار ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے شناخت شدہ مسائل پر بات چیت کی۔ڈویژنل کمشنر نے ان پوائنٹس کی تفصیلات طلب کی جن پر ٹریفک کی بھیڑ ہوتی ہے۔انہوںنے پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے آئی سے کہا کہ وہ محتاط منصوبہ بندی کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی ساتھ قومی شاہراہ کی جلد تعمیر کے لیے افراد اور مشینری میں اضافہ کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وہ گاڑیوں کی بلا روک ٹوک نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے قومی شاہراہ کے ایسے حصے پر بارش کی وجہ سے پڑنے والے گڑھوں کی مرمت کریں۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ڈویژنل کمشنر کو آگاہ کیا کہ ناشری ڈلواس سٹریچ پر اپریل کے پہلے ہفتے تک ہموار سواری کی سطح کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ میہڑ میں این ایچ اسٹریچ کی تباہ شدہ سڑک کی مرمت کی جائے گی۔قومی شاہراہ کو ڈبل لین ٹریفک کے ساتھ رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صوبائی کمشنرنے محکمہ ٹریفک اور NHAI رام بن کو ہدایت دی کہ وہ بھیڑ کی اطلاع دینے اور مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے اپنے جوانوں اور مشینری کو متحرک رکھیں۔