متعدد دیہات گھپ اندھیرے میں،سردی کی شدت میں اضافہ ،لوگ گھروں میں محصور
محمد تسکین+عاصف بٹ+اشتیاق ملک
جموں// خطہ چناب کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے ۔اس دوران اگر چہ قومی شاہراہ بحال رہی تاہم کشتواڑ سنتھن اور مرگن شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند رہیں اور کشتواڑ کے متعدد دیہات میں بجلی گُل ہوگئی ۔
بانہال
جمعرات کی صبح سے ضلع رام بن کے میدانی علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشیں ہوئی ہیں جبکہ تقریباً تمام پہاڑیوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے۔ صبح نو بجے سے بارشوں اور برفباری سلسلہ دوپہر تک تھم گیا اور شام ہوتے ہوتے موسم بھی بہتر کی بڑھ رہا تھا۔ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ جمعرات کی صبح سے جواہر ٹنل ، نوگام ،ٹھٹھاڑ ، چنجلو ، ڈولیگام ، نیل ،مہومنگت ، پوگل اور بٹوت،سناسر علاقوں میں سے دو سے تین انچ تک برفباری ہوئی تاہم یہ سلسلہ دوپہر بعد تک تھم گیا۔ نزدیکی جنوبی کشمیر کے مقابلے میں پیرپنچال پہاڑی سلسلے کے اس پار بانہال ، گول ، بٹوت اور وادی چناب کے علاقوں میں نا کے برابر برفباری ہوئی کے جس کی وجہ سے لوگوں خاص کر زمینداروں میں مایوسی ہے ۔ دگن ٹاپ، گول، پٹنی ٹاپ، سناسر، نتھا ٹاپ، پٹنی ٹاپ، پوگل پرستان، مہو منگت جیسے مقامات پر برف باری ہوئی جبکہ ریاسی کے ماتا ویشنو دیوی مندر کی تریکوٹا پہاڑیوں پر بھی برف باری ہوئی۔محکمہ سیاحت کے ایک عہدیدارنے بتایا کہ پٹنی ٹاپ اور سناسر میں برف سے ڈھکے ہوئے ماحول ویشینو دیوی کے زائرین اور یاتریوں کے تجربے کو بڑھا رہے ہیں۔اس دوران رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں بارشیں ہوئیں تاہم قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ شاہراہ پر معمول کا دوطرفہ ٹریفک جاری ہے اور کسی بھی جگہ سے ٹریفک کی آمدورفت میں کسی بھی قسم کا کوئی خلل نہیں پڑا۔ ادھر ریلوے زرائع نے بتایا کہ جمعرات کی صبح شروع ہوئی بارشوں کی وجہ سے چند ایک ریل گاڑیوں کو معطل کرنے کے بعد دوبارہ بحال کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ 4بجکر 25منٹ پر بانہال اور بڈگام کے درمیان ٹرین سروس کو رد کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اونتی پورہ سے نیچے برفباری کی وجہ سے بانہال اور بڈگام کے درمیان ریل سروس کو معطل کر دینا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 4بجکر 50منٹ پر بانہال سے سرینگر تک ٹرین سروس کو چلایا گیا اور سینکڑوں مسافروں نے اس میں سفر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سنگلدان تک بھی ریل سروس چلتی رہی اور سینکڑوں لوگوں نے ریل سے سفر کیا ۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں جمعرات کی صبح ہوئی تازہ برفباری کے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی۔ضلع میںجمعرات کی صبح سے ہی بالائی ومیدانی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو دوپہر تک جاری رہاجسکے بعد بارشیں ہوتی رہی ۔ضلع کے دورافتادہ علاقہ سب ڈویژن مڑواہ واڑون،دچھن،چھاترو مچیل،پاڈر، بونجواہ، سنتھن،کیشوان میں بھاری برفباری کی اطلاع ملی ہے۔واڑون میں قریب چھ انچ برفباری ہوئی جبکہ مڑواہ میں بھی چار سے پانچ انچ، دچھن میں چارانچ، مچیل میں چار انچ ،پاڈر کے دیگر علاقہ جات میں بھی دو سے تین انچ برفباری درج کی گئی۔سب ڈویژن چھاترو میںکے اوپری علاقوں میں ایک فٹ تک برفباری درج کی گئی۔ادھر جہاں وٹسر، ڈانگر نالہ، سنگھپورہ، کوچھال، کواٹھ، دیچھر میں قریب آٹھ انچ تک برفباری ہوئی وہیں چنگام، چھاترو، مغل میدان، سگدی بھاٹہ میں بھی پانچ انچ تک برفباری ہوئی۔ لوگوں نے بتایا کہ بیشتر علاقے گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔اس دوران بونجواہ، درابشالہ ،کنتواڑہ و سرتھل میں بھی چار انچ تک برفباری کی اطلاع ملی ہے۔ادھرسنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ دوروز تک آمدورفت کیلئے کھلے رہنے کے بعد آمدورفت کیلئے بند کردی گئی ۔تفصیلات کے مطابق سنتھن ٹاپ پر قریب ایک فٹ سے زائد تازہ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی جبکہ سنتھن میدان میں ایک فٹ تک برف ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جبکہ مرگن ٹاپ پر بھی کئی فٹ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ۔میدانی علاقوں میں ہوئی تازہ برفباری کے سبب عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ۔دن بھر ہورہی برفباری سے جہاں عوام کے چہروں پر خوشی دیکھی گئی۔ میدانی علاقوں میں تین انچ تک تازہ برفباری درج کی گئی ۔ برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے لوگوں کی بھاری بھیڑ چوگام میں دیکھی گئی جنھوں نے اس برفباری کا مزہ لیا۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں جمعرات کو تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر شام تک وقفے وقفے سے جاری رہی۔برفباری و بارشوں کے نتیجے میں جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی وہیں معمولات زندگی متاثر ہوئے۔جمعرات کی صبح ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں بارشیں شروع ہوئیں جو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہیں۔برفباری و بارشوں کے باعث اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن و برف جمع ہوئی جس کے نتیجے میں ٹریفک نظام معطل رہا تاہم ضلع کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق بحال رہا۔اس دوران بیشتر دیہات میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا ۔ بھدرواہ۔بسوہلی۔پٹھانکوٹ قومی شاہراہ کی بحالی کے بعد سیاحوں کی ایک بڑی تعداد جموں و کشمیر کے بھدرواہ علاقے، خاص طور پر گلڈنڈہ کے میدان میں، جنوری کے شروع میں شدید برف باری کے بعد جمع ہوئی۔ گلڈنڈہ، جو تقریباً 10,000 فٹ کی بلندی پر واقع ہے، ملک بھر سے آنے والوں کے لیے ایک مقبول مقام بن گیا ہے۔ بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے پبلسٹی آفیسر عامر رفیق کے مطابق، پچھلے سال میںپانچ لاکھ سے زیادہ سیاحوں نے بھدرواہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔