محمد تسکین
بانہال //جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان تیز بارشوں کی وجہ سے گر آئی پسیوں اور پتھروں کے نتیجے میں قومی شاہراہ ہفتے کی صبح سے ٹریفک کی نقل وحرکت کیلئے بند ہے اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے بحالی کا کام بار بار متاثر ہو رہا ہے اور ہفتے کی شام دیر تک بھی شاہراہ کی بحالی کے امکانات نہ کے برابر دکھائی دے رہے تھے۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جمعہ کی رات سے شدت کے ساتھ جاری مسلسل بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹیریا موڑ ، سیری ، کیلاموڑ ، ماروگ ، بیٹری چشمہ ، رامسو ، ہنگنی ، شیر بی بی اور شالگڑی کے مقامات پر پسیوں پتھروں اور ملبہ کے گر آنیکی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند ہے اور ہفتے کی صبح سے ہی جموں اور سرینگر سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کی صبح سے ہی شاہراہ کے کئی مقامات پر بحالی کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن مسلسل بارشوں کے نتیجے میں گرتے پتھروں کی وجہ سے بحالی کا کام بار بار متاثر ہوتا رہا اور شام دیر تک بھی شاہراہ کی بحالی کے امکانات نا کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز جموں سے وادی کشمیر کیطرف ٹریفک کو آنے کی اجازت تھی اور ضلع رام بن میں کوئی خاص ٹریفک درماندہ نہیں ہے اور بیشتر ٹریفک نگروٹہ ، ادہمپور اور ناشری ٹنل کے پار ہی روکا گیا تھا اور موسم اور سڑک کی بہتری کی صورت میں اتوار کے روز ٹریفک کو جموں سے سرینگر کی طرف آنے کی اجازت دی جائے گی۔