راجوری// ضلع راجوری میں واقع بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران قومی ترانے کی تعظیم میں کھڑے نہ ہونے پر دو طالب علموں کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ ’ ہم نے پریونشن آف انسلٹ ٹو نیشنل آنر ایکٹ 1971 کی دفعہ 3 کے تحت ایف آئی نمبر 519 آف 2017 کے تحت معاملہ درج کرلیا ہے‘۔تاہم پولیس کا کہناہے کہ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں بدھ کے روز سلور رولنگ ٹرافی کی اختتامی تقریب کے دوران جب قومی ترانہ بجایا گیا تو دو طالب علم اس کے احترام میں کھڑا ہونے کے بجائے اپنی سیٹ پر ہی بیٹھے رہے اور سلفیاں بناتے رہے۔ اس تقریب میں ریاستی گورنر این این ووہرا بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کررہے تھے۔ واقعہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دو نوجوانوں کو چھوڑ کر باقی سبھی شرکائے تقریب کو قومی ترانے کی تعظیم میں کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔ ان دو نوجوانوںکو ویڈیو میں قومی ترانے کے دوران سلفیاں بنانے میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے۔راجوری کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ معاملے میں یونیورسٹی سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ’ہم نے قومی ترانے کی توہین کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔ یونیورسٹی سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے‘۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا ’ایف آئی آر نمبر517 آف 2017 درج کی گئی ہے۔ تادیبی کاروائی ہوگی اور قانون اپنا کام کرے گا‘۔