کشتواڑ// قلعہ ٹاپ پارک کروڑروپے صرف کرنے کے باوجود 13برس سے تشنہ تکمیل ہے اور محکمہ کی غفلت شعاری سے پارک منشیات فروشی کے اڈے میں تبدیل ہوچکی ہے۔کشمیر عظمی کو معتبرذرائع نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کو 132لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیاجانا تھا جس پر2009-2010 میں شروع کیا گیاتھا جب کہ اس کو مکمل کرنے کی تاریخ 2011-2012مقرر تھی۔پروجیکٹ پرایک کروڑروپے کی رقم خرچ کی گئی ہے جس میںدیوار بندی، سیڑھیاں،کیاسک و راستے،غسل خانوںکا قیام شامل ہے تاہم اب محکمہ کے پاس فنڈس کی کمی ہونے کے سبب یہ کام رکا پڑا ہے اور ایک کروڑ کی رقم ضائع ہوچکی ہے ۔قصبہ کشتواڑ میں شاہ فریدالدین بغدادیؒ کے آستانِ عالیہ کے بالکل قریب میں واقع قلعہ ٹاپ اپنے دور میں کافی مقبول ہوا کرتی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ راجائوں کے دور میں اس کو کشتواڑ کے مہاراجہ خان پال نے اس جگہ ایک گھر تعمیرکروایا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کا وجود ختم ہو گیا اور کئی سال قبل تک اس جگہ پر صرف پتھر کا تخت ہی موجود ہوتا تھا لیکن آج وہ بھی موجود نہیں ہے۔ یہ قلعہ کچھ اونچائی پر واقع ہے جہاں سے قصبہ کشتواڑ کی خوبصورت وادی و اسکے اونچے اونچے پہاڑوں کا بھر پور لطف لیاجا سکتا ہے۔ لوگ بڑی مدت سے یہاں تعمیر ہورہی پارک کے کھلنے کا بے صبری سے انتظار کررہے تھے لیکن تیرہ برس قبل شروع ہوا اسکا کام مکمل نہ ہوسکا۔اگرچہ 13 برس قبل کشتواڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اس پر پارک بنائے کے لیے کام شروع کیا تھا لیکن تیرہ سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی یہ پارک نامکمل ہے اور ابھی تک اس پر کروڑوں روپے کی لاگت لگائی جاچکی ہے لیکن اس کی خستہ حالت سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کروڑوں روپے کی رقم ضائع کر کے خزانہ عامرہ پر مزید بوجھ ڈالا گیاہے۔
مقامی رہایشی تاسین شیخ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پارک کو بنانے کے لئے ابھی تک لاکھوں روپے کی رقم خرچ کی جاچکی ہے لیکن ابھی بھی یہ نامکمل ہے،لکڑی کا خوبصورت ڈھانچے یہاں پر بنایا گیا تھا جس میں لاکھوں روپے کی قیمتی لکڑی لگائی گئی تھی لیکن آج اس کی حالت کافی خستہ ہے۔ اس میں لگائی گئی قیمتی لکڑی توڑی جاچکی ہے جبکہ ٹا ئلیں و لوہے کے گرل لگائے گئے تھے انھیں بھی توڑا گیا ہے جبکہ یہاں تعمیر کئے گئے باتھ روم کا حال بھی برا ہے۔انھوں نے کہا کہ لوگ اب اس جگہ کااستعمال نشہ کرنے کے لئے کرتے ہیںاور شام کے وقت نشہ کرنے والے و منشیات فروشوں کا اڈہ بناہواہے جسے یہاں کا ماحول مزید خراب ہورہا ہے ۔
انہوںنے کہا کہ انتظامیہ بھی اس معاملے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اگر اسے جلد از جلد مکمل نہ کیاگیا تو اسے بند کردیاجائے تاکہ غلط کام نہ ہوسکے۔ مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ وضلع ترقیاتی کمشنر سے مطالبہ کیاکہ اس پارک کو جلد مکمل کرکے عام عوام کے لئے کھولا جانا چاہئے جبکہ پولیس کی چند نفری کو یہاں تعینات کیا جائے تاکہ نشہ کرنے والواں کو روکا جاسکے۔ اس سلسلے میں جب کشمیر عظمیٰ نے کشتواڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی او رشی شرما سے بات کی تو انھوں نے بتایا کہ پارک کی دیوار چند ماہ قبل گرگئی تھی جسکی مرمت کیلئے ٹینڈر طلب کئے گئے ہیں اور جلد ہی دیگر ادھورے کاموں کو بھی مکمل کرلیاجائے گا۔پارک کو کھولنے کولیکرپوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی کچھ نہیں کہاجاسکتاہے،اسمیں مزید وقت لگے گا کیونکہ محکمہ کے پاس فنڈس کی کمی ہے جب مکمل ہوگا توآپکو اسبارے میں آگاہ کیا جائیگا۔