سرینگر// حریت(ع)،پیپلز پولیٹکل فرنٹ، تحریک مزاحمت، ماس مومنٹ،اسلامک پولیٹکل پارٹی اور ینگ مینز لیگ نے حیات پورہ چاڈورہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قربانیاںپوری کشمیری قوم کو اپنی مبنی برحق جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ عطا کررہی ہےں ۔ حریت(ع) چیئرمین میرواعظ محمدعمر فاروق کی ہدایت پر ایک وفد نے پاتری گام چرار شریف جاکر گزشتہ روز فورسز کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران جاں بحق کئے گئے یونس مقبول کے لواحقین کے ساتھ حریت چیئرمین اور دیگر حریت قیادت کی طرف سے تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔وفد میں غلام نبی زکی، عبدالرشید اونتو، غلام قادر بیگ، حکیم غلام محمد اور محمد احسن کٹہیری شامل تھے ۔ اس موقعہ پر حریت چیئرمین میرواعظ نے ٹیلیفون کے ذریعہ یونس مقبول کے والد کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاںپوری کشمیری قوم کو اپنی مبنی برحق جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ عطا کررہی ہےں“ ۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ اگر چہ اس بات پر ہمارا جگر چاک چاک ہورہا ہے تاہم جس عظیم مقصد کی خاطروہ اپنا لہو پیش کررہے ہیںوہ ناقابل فراموش ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی اس گراں قدر ذمہ داری کو سمجھیں۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوان تحریک آزادی کے تئیں عظیم قربانیاں پیش کرکے ہم پر ذمہ داریوں کا بوجھ ڈال رہے ہیں۔موصولہ بیان کے مطابق بھارت اور ان کے مقامی حاشیہ برداروں کی ہٹ دھرمی ریاست میں خون خرابے کو جنم دے رہی ہے ۔انہوں نے حکمرانوں کو ریاست میں قتل و غارت گری کے واقعات کے لئے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کی وجہ سے ہمارے جوان پشت بہ دیوار کئے جارہے ہیں ۔بلال صدیقی پارٹی لیڈران محمد رفیق اور ریاض احمد کے ہمراہ چاڈورہ گئے اور سوگوار گھرانے سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بندوق اٹھانے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ذمہ داری تمام تحریک پسند لیڈر شپ اور عوام پر ہے۔اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش اور ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ نقاش پارٹی ممبران نظیر احمد بٹ اور سجاد احمد لون کے ہمراہ چاڈورہ جاکر لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔