سرینگر// حریت (ع)، سالویشن مومنٹ ،پیپلز فریڈم لیگ اور پیپلز لیگ نے قاضی گنڈ میںایک خونین تصادم کے دوران جاں بحق ہوئے تین جنگجوئوں یاور بشیر ، فرقان احمد اور معاویہ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کی قربانیوںکو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔ حریت (ع)نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مسئلہ کشمیر اس پورے خطے میں قتل و غارت گری کی بنیادی وجہ بنا ہوا ہے او ر جب تک یہ مسئلہ اس کے تاریخی پس منظر میں حق خودارادیت کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی قراردادوں یا پھر سہ فریقی مذاکرات کے ذریعہ حل نہیں کیا جاتا تب تک سیاسی غیر یقینیت اور عدم استحکام کی فضا برابر قائم رہے گی ۔حریت ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس مسئلہ کے حل میں تاخیر مستقبل میں بھی مزید قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ۔حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے جائز اور مبنی برحق جدوجہد کی کامیابی کیلئے جان و مال کی بیش بہاقربانیاں پیش کررہے ہیں اور بھارت کی جانب سے ہر طرح کے ظلم و جبر، مار دھاڑ اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کررہے ہیں ۔چنانچہ اب یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کو مد نظر رکھ کر اس دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے اپنی مثبت کوششیں بروئے کار لائیں اور اس پورے خطے کو تشدد اور خونریزی سے نجات دلانے کیلئے بھر پور اقدامات کریں ۔ترجمان نے کشمیر کے مختلف علاقوں میں فوج اور فورسز کی جانب سے تازہ کریک ڈائون، گھر گھر تلاشیوں اور پر امن شہریوں کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر کو عملاً ایک پولیس سٹیٹ میںتبدیل کردیا گیا ہے اورظلم و زیادتیاں یہاں روز کا معمول بن گئی ہیں۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے تئیں دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ بیان کے مطابق تنظیم کے ایک وفدنے محمد یاور بشیر کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔وفد میں امتیاز احمد،فاروق احمد،عدنان سلفی اوراسحاق احمد شامل تھے۔پیپلز فریڈم لیگ ترجمان اور پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی پالیسیاں یہاں کے نوجوان نسل کو عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہی ہیں۔