سرینگر//کاروان اسلامی کے امیر غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کے حالات نہایت ہی تشویشناک ہیںاور مسلمان پے در پے سازشوں کے شکار ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا ’’ ان سبھی پریشانیوں کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قرآن و سنت کا دامن چھوڑ ا اور اسلام مخالف کاموں میں سرگرم عمل ہوئے‘‘۔مولانا سعودی عرب میں کئی علماء سے تبادلہ خیال کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی مسلمان کویہ لازم بنتا ہے کہ وہ اپنی زندگی ایک داعی کی طرح گزارے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتاب و سنت سے دوری اور آپسی نااتفاقی کی وجہ سے ہی اس وقت مسلمانانِ عالم سیاسی، اقتصادی اور معاشی مسائل سے دوچار ہیں اور متعدد مسلم ممالک کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اس موقع پر عالم اسلام کے لئے خصوصی دُعائیں کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تواریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہزاروں مسلموںکے قتل عام کے باوجود بھی کوئی مسلمانوں کا خاتمہ نہیں کر سکا ۔دین حق اسلام ہی ہے اور ہمیشہ رہے گا اور اسی میں انسانیت کی بقا بھی موجود ہے۔