انجمن اسلامیہ نیلی بھلیسہ کی قیادت میں پرامن احتجاج
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سویڈن میں گذشتہ دنوں قرآن مجید کی توہین کرنے کے خلاف جہاں ڈوڈہ ضلع کی بیشتر مساجد میں خطیبوں و علماء نے شدید مذمت کرتے ہوئے گستاخی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا کیا ہے۔اس دوران انجمن اسلامیہ نیلی بھلیسہ کی جانب سے بعد نماز جمعہ پر امن احتجاج کیا گیا جس دوران انہوں نے اسلام دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ صدر انجمن اسلامیہ ریاض زرگر و جنرل سیکرٹری مولانا عرفان ندوی کی قیادت میں مظاہرین نے نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن پسند مذہب ہے اور قرآن مجید دنیا کی سبھی کتابوں سے افضل و مقدس ہے اور اس کی توہین کرنے والے سماج و اسلام دشمن عناصر کو پھانسی کی سزا دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں آئے روز مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں اور وقتی حکومتیں بھی خاموش رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ ہندو مسلم اتحاد کی مثال ہے لیکن اسلام دشمن عناصر کے ساتھ کوئی رحم نہیں کیا جانا چاہیے اور جو بھی اسطرح کی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اس کو قانون کے تحت سخت سے سخت سزا دی جانی چاہئے۔
مرکزی مجلس شوریٰ کی بھی مذمت
عظمیٰ نیوز سروس
کشتواڑ// مرکزی مجلس شوریٰ کشتواڑ نے کہا ہے کہ سویڈن میں عیدالاضحیٰ کے مبارک دن کے موقع پر مسجد شریف کے باہر پولیس کے پہرے میں قرآن مجید کو نذر آتش کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ مرکزی مجلس شوریٰ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کم و پیش دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری کرنا اور ان کے ایمانی جذبات مجروح کرنا سویڈن سمیت کئی مغربی ممالک میں معمول بنتا جا رہا ہے۔مجلس نے او آئی سی اور مسلم ممالک بالخصوص حکومت سعودی عرب، ایران، ترکیہ پر زور دیا ہے کہ وہ شعائر اسلام کے تحفظ، اور اسلاموفوبیا روکنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔ مغربی اور اسلام دشمن طاقتیں اسلام اور قرآن کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں اسلئے اسلاموفوبیا کا شکار دکھائی دے رہی ہیں ۔مجلس شوریٰ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سویڈن کے ساتھ تمام طرح کے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں تاکہ بھارت میں بس رہی مسلم آبادی کا احتجاج بھی درج ہو۔