قاضی گنڈ اور پلوامہ میں حادثات

اننت ناگ //عارف بلوچ//قاضی گنڈ میں نامعلوم گاڑی نے ریلوے پولیس کے اہلکار کو کچل کر ہلاک کرڈالا۔جمعرات کی صبح دامجن قاضی گنڈ میں ایک نامعلوم گاڑی نے 38 سالہ پرویز احمد ساکنہ ہٹمورہ اننت ناگ کوٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں وہ ہلاک ہوگیا۔ ایس ایچ اوقاضی گنڈ ارشاد ریشی کاکہنا ہے کہ پرویز احمد دامجن میں تعینات تھا بظاہر یہ ہٹ اینڈ رن کیس ہے اور معاملہ کے حوالے سے کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔ادھر کپرن ڈورو میں گذشتہ شام نزدیکی جنگل میں بر آمد کی گئی بوسیدہ لاش کی شناخت21 سالہ عامر حسین شیخ ولد عبدالرحمن شیخ ساکنہ پہلو کولگام کے بطور ہوئی ہے۔نوجوان گزشتہ سال 20 دسمبر سے لاپتہ تھا۔اہل خانہ کے مطابق نوجوان ذہنی طور معذور تھا۔پولیس نے قانونی لوازمات کے بعد نعش لواحقین کے حوالے کی ہے۔ادھر کے این ٹی کے مطابق دیری پلوامہ میں منگل کی شام شہزاد احمد بابا ٹریکٹر چلا رہا تھا اور رومشی نالہ میں سٹریرنگ پر قابو کھو بیٹھا اور ٹریکٹر الٹ جانے سے اس کے نیچے دب گیااور موقع پر ہی اس کی موت ہوئی۔ شہزاد باباپچھلے کچھ مہینوں سے پارٹ ٹائم ٹریکٹر ڈرائیور کی حیثیت سے کام کر رہا تھا۔مہلوک نوجوان کھیل ، خاص طور پر والی بال اور کرکٹ میں اپنی مہارت کی وجہ سے جانا جاتا تھا۔