اننت ناگ//تعمیرات ِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے آج قاضی گنڈ ۔ اونتی پورہ بائی پاسوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیرنے کہا کہ ان چار بائی پاسوںجن میں پانپور بائی پاس ، اونتی پورہ بائی پاس ، بجبہاڑہ بائی پاس اور قاضی گنڈ بائی پاس شامل ہیں کی بدولت سرینگر اور قاضی گنڈ کے درمیان صرف ایک گھنٹے کا سفر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئے بانہال ۔ قاضی گنڈ دوٹیوب ٹنل جس کی لمبائی 8.5کلومیٹر ہے کی بدولت سرینگر اور جموں کے سفر میں مزید کمی آئے گی۔نیشنل ہائی وے ۔444 کا ذکرکرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس نئے ہائی وے جو قاضی گنڈ ، کولگام ، شوپیاں ، پلوامہ اور سرینگر کو آپس میں جوڑتا ہے کی تعمیر کے لئے حصول اراضی کا عمل شد و مد سے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر دو بڑے پلوں جن میں برزلہ پل اور نیوا پل شامل ہے پر پہلے ہی کام شروع کیا گیا ہے۔وزیر نے قاضی گنڈ میں ویسو ہاوسنگ کالونی کا دورہ کیا جہاں 512فلیٹ ، پی ایچ سی ، سکول اور دکانیں 166 کروڑرو پے کی رقم سے تعمیر کئے جارہے ہیں۔