نئی دہلی//اردو کے مشہور فکشن نگار اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے سابق استاد پروفیسر قاضی عبدالستار کا مختصر علالت کے بعد آج یہاں انتقال ہو گیا۔ ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ قاضی عبد الستار کے ایک سے زیادہ شاگرد مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کے مداحوں کی بھی فہرست طویل ہے ۔ وہ ایک انتہائی اچھے استاد تھے اور مرحوم کا شمار اپنے عہد کے نمایاں افسانہ نگاروں میں ہوتا تھا-ان کے افسانوں میں پیتل کا گھنٹہ اور ناولوں میں حضرت جان اور داراشکوہ بہت مقبول ہوئے – ان کو زبان و بیان پر جو غیر معمولی قدرت حاصل تھی اس کا اندازہ ان کی تحریروں سے بہ آسانی لگایا جا سکتا ہے ۔ ان کے عزیز شاگرد مسٹر عبید صدیقی کے مطابق زندگی کے آخری برسوں میں ان کو بہت سے صدمات سے دوچار ہونا پڑا مگر انھوں نے اپنی پریشانیوں کا اظہار اپنے چہرے بشرے اور وضع قطع سے کبھی نہیں ہونے دیا۔ عبید صدیقی نے مرحوم کی زندگی اور ادبی کارناموں پر ان کی زندگی میں ہی ایک دستاویزی فلم بنائی تھی جو یو ٹیوب پر دستیاب ہے ۔یواین آئی