مومن فہیم احمد عبدالباری
ہائی اسکول یا کالج مکمل کرنے کے بعد بہت سے طلباء اور والدین کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو سکتا ہے کہ ایک پرجوش لیکن مستحکم مستقبل کے لیے کیریئر کا کون سا راستہ منتخب کیا جائے؟ کیا فیشن ، کلاتھ اسٹائلنگ، ڈریس ڈیزائننگ ، فیشن ڈیزائنر، فیشن اسٹائلسٹ، کاسٹیوم ڈیزائنر، فیشن پبلک ریلیشن ایکسپرٹ، اور فیشن صحافی جیسے کرئیر صحیح انتخاب ہیں اور اگر آپ کی دلچسپی اس شعبہ میں ہے تو فیشن کا کون سا شعبہ آپ کے لیے صحیح ہے ؟
فیشن انڈسٹری ایک طویل، مختلف النوع مواقع پر مبنی اضافی قدر(Value Added) سلسلہ ہے۔ ڈیزائنرز سے لے کر مینوفیکچررز تک، مارکیٹرز، تخلیقی ہدایت کاروں، اسٹائلسٹ،پبلک ریلیشن اور صحافی ، یہ سبھی اس بات میں اٹوٹ کردار ادا کرتے ہیں کہ صارفین کیا، کیسے، اور کیوں مصنوعات خریدنے کا انتخاب کرتے ہیں؟ جہاں ایک فیشن ڈیزائنر مصنوعات کی ایک رینج کو ڈیزائن کرنا شروع کرنے کے لیے موسم، رجحانات، ساخت اور کارکردگی جیسے امور کو دھیان میں رکھتا ہے ، وہیں ایک صنعت کارخام مال، وسائل کو بہتر بنانے، اور کوالٹی کنٹرول کو ذہن میں رکھتا ہے۔ دونوں حتمی مصنوعات (Final Goods) کی تیاری میں یکساں طور پر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جیسے آپ تصور کر سکتے ہیں کہ کوئی بھی ڈیزائن اس وقت تک نہیں پہنا جا سکتا جب تک کہ یہ حقیقت میں تیار نہ ہو، اور کوئی بھی پروڈکٹ تصور اور ڈیزائن کیے بغیر تیار نہیں کی جاسکتی۔ ان دو شعبوں کے اندر، بہت سے ذیلی شعبے ہوتے ہیں جن میں ڈیزائن، ساخت ، پیٹرن کٹنگ، نمونے تیار کرنے ، ٹیکسٹائل ڈیزائن، پرنٹ ڈیزائن، سورسنگ، پروڈکشن کوآرڈینیشن اور کوالٹی کنٹرول وغیرہ میں کرئیر بنایا جاسکتا ہے۔
ایک بار جب لباس تیار ہو جائے تو اسے فروخت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس مرحلے میں ذخیرہ (انوینٹری) کے انتظام اور مرچنڈائزر(فروشندے) جو مختلف اسٹورس میں مصنوعات کو انتہائی پرکشش انداز میں ڈسپلے کرتے ہیں۔ ایک اسٹائلسٹ، برانڈ کے ہدف کو عوام میں متعارف کرانے کے لیے اشتہارات اور ای کامرس مواد تیار کرتا ہے۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر سوشل میڈیا انفلوئنسرس(وہ نوجوان جو اپنے مختصر ویڈیو میسیج کے ذریعے لوگوں کو متاثر کرتے ہیں) کےذریعے ان برانڈس اور اسٹائلنگ کی تشہیر کی جاتی ہے۔اس طرح کے مواد کی تخلیق کے لیے فوٹوگرافرز، میک اپ آرٹسٹ، آرٹ ڈائریکٹرز، گرافک ڈیزائنرز وغیرہ کی بھی ضرورت ہوگی۔ فیشن کے فروغ کے دیگر ذیلی اداروں میں فیشن میگزین، فیشن شو کی سمت، پیکیجنگ ڈیزائن، فیشن بلاگنگ، اور اثر انگیز مارکیٹنگ وغیرہ بھی شامل ہیں۔
مواقع کہاں کہاں ہیں ؟
دو سے چار سال کی پیشہ ورانہ تربیت سے لیس فیشن اسٹائلسٹ اور امیج ڈیزائنرز مختلف برانڈز کے لیے اسٹائلسٹ یا تخلیقی ہدایت کار کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔ ان کو فلموں، ٹی وی شوز، ویب سیریز کے لیے بطور کاسٹیوم ڈیزائنرز، کاسٹیوم اسٹائلسٹ اور آرٹ ڈائریکٹرکے طور پر منتخب کیا جاتا ہے۔ اگر یہ ادب، تاریخ سے بھی اچھی واقفیت رکھتے ہوں تو پریڈ فلموں، شوز یا ٹیلی وژن میں بطور پریڈ آرٹ ڈائریکٹر، کاسٹیوم ڈیزائنر وغیر ہ کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔ اگر ان گریجویٹس کو کارپوریٹ سیکٹر اپیل کرتا ہے، تو وہ ای کامرس میں اسٹائلسٹ، اسٹوڈیو مینیجرز، اور بعض اوقات میک اپ آرٹسٹ یا فوٹوگرافر کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔ اسٹائلنگ گریجویٹس آزادانہ طور پر بھی فری لانس ، ذاتی اسٹائلسٹ اور امیج کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔ فیشن کے ہر شعبے میں پیشہ ورانہ مواقع کی فہرست طویل ہے، اور صحیح انتخاب کرنے میں سب سے پہلے صحیح قسم کی معلومات کا ہونا شامل ہے۔
کون اس کرئیر کا انتخاب کرسکتا ہے ؟
آج، بہت سارے نوجوان فیشن انڈسٹری کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں، کمپنیاں اور آجر ہمیشہ لوگوں کو شروع سے تربیت دینے کے لیے تیار یا مائل نہیں ہوتے ۔اگر آپ اس شعبہ میں دلچسپی رکھتے ہیں ، آپ میں نیا اور دوسروں سے کچھ الگ کرنے کا جذبہ ہے، تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہیں تو اس شعبہ میں آپ یقیناً کامیاب ہوں گے لیکن یہ ضروری ہے کہ اپنی پسند اور ترجیحات کے مطابق اس وسیع شعبہ کےذیلی کرئیر میں سے صحیح کرئیر کا انتخاب کریں اور اسی سمت میں اپنی پڑھائی کریں۔ کیونکہ اس طرح کے تخلیقی نوعیت کے کورسیس میں امیدواروں کو اپنے کیریئر کے آغاز میں کچھ مخصوص ضروریات کو پورا کرنا پڑتا ہے۔کووڈ 19 کے بعد، دنیا بغیر اطلاع کے مکمل طور پر بدل گئی ہے۔ اب آگمینٹیڈ ریالٹی، مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ ان تکنیکوں کی تیز رفتار ترقی نے جدید شعبوں میں سوچنے سمجھنے کے انداز میں زبردست تبدیلی پیدا کردی ہے۔ مثال کے طور پر آپ نے کئی ای ۔کامرس ویب سائٹس پر مختلف ڈیزائن کے کپڑے آپ پر کیسے نظر آئیں گے اس کے تصوراتی اوتار(ورچوئل اوتار) دیکھے ہوں گے جن میں مختلف بٹن پر کلک کرتے ہی اسکرین پر چیزیں تبدیل ہوتی نظر آتی ہیں۔ کمپنیاں اب ان باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے کمپنی اور مصنوعات کو ذہن میں رکھتے ہوئے قابل افرادکا انتخاب کرتی اور فیشن فوٹوگرافی سے لے کر فیشن میک اپ تک شامل ہیں۔ذیل میں چند ایک اہم روزگار جو فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھتے ہیں ان کی معلومات فراہم کی جارہی ہے۔
فیشن ڈیزائنر : آپ بچوں کے لباس، جوتے، ہینڈ بیگ، مردانہ لباس، کھیلوں کے لباس یا خواتین کے لباس جیسے شعبے میں مہارت حاصل کر سکتے ہیں۔ عام طور پر فیشن ڈیزائن اسسٹنٹ کے طور پر شروعات کرتے ہیں اور فیشن ڈیزائنر اور ڈیزائن ڈائریکٹر تک ترقی کرسکتے ہیں۔ فیشن ڈیزائن کے لیے عام طور پر فیشن کی متعلقہ ڈگری کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کورس میں آپ آپ فیشن بزنس، آرٹ اور ڈیزائن، گرافک ڈیزائن یا فیشن اور فیشن ڈیزائن کا مطالعہ کر تے ہیں۔
گارمنٹ ٹیکنالوجسٹ : آپ کپڑے کے انتخاب اور جانچ کے ذمہ دار ہوں گے، اس بات کو یقینی بنانا کہ ڈیزائن کو بجٹ کے اندر بنایا جا سکتا ہے، لباس کی تیاری کے طریقوں کی نگرانی کرنا اور خرابیوں کی جانچ کرنے کے لیے مصنوعات کے کوالٹی کنٹرول کو انجام دینا۔ آپ پیداواری عمل کو زیادہ موثر اور پائیدار بھی بنا سکتے ہیں۔ فیشن انڈسٹری میں مینوفیکچرنگ اور ریٹیل آجروں کے علاوہ ان کمپنیوں کے لیے بھی کام کر سکتے ہیں جو تکنیکی لباس تیار کرتی ہیں ، جیسے کہ اسپیس سوٹ یا فائر فائٹرز کے کپڑے وغیرہ۔اس شعبہ کے لیے گارمنٹ ٹیکنالوجی اور پروڈکشن کی ڈگری آپ کو مطلوبہ مہارت اور معلومات فراہم کرتی ہے۔ (مضمون جاری ہے)
رابطہ۔9970809093
[email protected]