ٹنگمرگ// گورنمنٹ بائز ہائی اسکول فیروزپورہ ٹنگمرگ کی زیر تعمیر عمارت گزشتہ تین سال سے تشنہ تکمیل ہے جس کی وجہ سے اسکول میں زیر تعلیم 240 طلاب کو جگہ کی کمی کے باعث زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محکمہ آر اینڈ بی ماگام نے 8 کمروں پر مشتمل ہائی اسکول کی اس عمارت پر 2012 میںکام شروع کیا اور2015 میں دوسری منزل تعمیر کرکے کام ادھورا چھوڑ دیا ۔ گزشتہ 3 سال سے عمارت چھت،دروازوں اور کھڑکیوں کے بغیر ہی پڑی ہے۔اسکول میں زیر تعلیم طلاب کے والدین نے بتایا کہ انہوںنے عمارت مکمل کرنے کیلئے کئی بار ارباب اقتدار اور محکمہ آر اینڈ بی ماگام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی لیکن متعلقہ محکمہ کے افسران نے فنڈس کی عدم دستیابی کا بہانہ بناکرٹال مٹول سے ہی کام لیا۔اسکول میں تعینات اساتذہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 سال سے چھت کے بغیر عمارت برفباری اور بارشوں کے پانی سے خستہ ہونے کے قریب ہے ۔سکول میں زیر تعلیم طالب علموں کے والدین نے نا مکمل عمارت پر جلد از جلد دوبارہ کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔