عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ کے چیف ایڈیٹر فیاض کلو کے بھانجے منظور احمد بابا کی فاتحہ خوانی میں اتوار کو زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔نالہ بل نوشہرہ کے منظور احمدبابا کا جمعہ کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ فاتحہ خوانی اور تعزیتی اجلاس میں سیاستدانوں کے علاوہ مختلف سماجی، مذہبی اور تجارتی تنظیموں کے رہنمائوں اور نمائندوں سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔انڈسٹریل اسٹیٹ کھنموہ کے ممتاز یونٹ ہولڈروں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا جو خودایک یونٹ ہولڈر تھے۔ انہوں نے کہاکہ موصوف ہمیشہ یونٹ ہولڈروں کو درپیش مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہتے تھے اور کھنموہ کی ترقی میں ان کے تعاون کا ذکر کیا۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان جی ایم ساقی نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ساقی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر سوگامی نے ٹیلی فون پر فیاض کلو سے تعزیت کی اور سوگوار خاندان کو یہ نقصان برداشت کرنے کیلئے دعا کی۔بی جے پی کے ضلع صدر سرینگر اشوک بٹ کی قیادت میں ایک وفد نے بھی فیاض کلو سے تعزیت کی۔سینئر ٹریڈ یونین لیڈر اور ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی جموں کشمیر (EJAC) کے صدر فیاض احمد شبنم نے بابا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔انہوںنے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور معاشرے میں ان کی محنت اور شراکت کی تعریف کی۔انہوں نے کہا’’میں غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان بالخصوص فیاض کلو کے ساتھ کھڑا ہوں ۔میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ مرحوم کی روح کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے‘‘۔دریں اثناایجیک کے نائب صدر اور مکینیکل اریگیشن ایمپلائز فیڈریشن (MIEF)کے سرپرست فاروق احمد خان نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔خان نے کہا’’منظور بابا کے انتقال نے ان کے خاندان اور کمیونٹی کے دلوں میں ایک گہرا خلا پیدا کر دیا ہے۔ ہم اس افسوسناک وقت میں بابا اور کلو خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور مرحوم کی روح کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت اور دعائیں پیش کرتے ہیں‘‘۔پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر (PSAJK)نے بھی ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ایک بیان میںایسوسی ایشن کے صدرجی این وارنے کہا’’منظور احمد بابا جیسے نوجوان اور ہونہار شخص کا کھو جانا ایک المیہ ہے جو نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری کمیونٹی کو متاثر کرتا ہے‘‘۔انہوں نے مرھوم کی مغفرت اورسوگوار خاندان بالخصوص فیاض کلو کیلئے صبرکی دعا کی۔عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے محبوس چیئرمین اور رکن پارلیمان بارہمولہ انجینئر رشیداور کپوارہ جرنلسٹس ورائٹرس ایسو سی ایشن نے گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ کے چیف ایڈیٹر فیاض کلو کے بھانجے منظور احمد بابا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔اے آئی پی بیان میں پارٹی کے ترجمان اعلیٰ انعام النبی نے کہا ہے کہ انجینئر رشید نے مرحوم کے سوگوار خاندان بالخصوص فیاض کلو سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا’’منظور احمد بابا کا انتقال خاندان اور ان تمام لوگوں کیلئے ایک المناک سانحہ ہے جو انہیں جانتے تھے۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں فیاض کلواور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ‘‘۔ادھر کپوارہ جر نلسٹس اینڈ رائٹرس ایسو سی ایشن نے سوگوار کنبے سے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومکی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔