بانہال // فورلین شاہراہ کی تعمیر میں مقامی لوگوں کو نوکریاں فراہم کرنے میں مکمل طور نظر انداز کرنے کے خلاف پنتھیال کے مقامی لوگوں نے تعمیراتی کمپنی ایچ سی سی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیکر وہاں جاری کام کو بند کروا دیا گیا۔ پنتھیال کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں فورلین شاہراہ کیلئے ایک ٹنل کے کام کے علاوہ شاہراہ کی کشادگی کا کام جاری ہے مگر تعمیراتی کمپنی ان کے حق پر شب خون مار کر باہر سے لاکر افراد کو نوکریاں فراہم کر ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورلین شاہراہ کی تعمیر کیلئے لوگوں کی اراضی اور روزگار کیلئے تعمیر کئے گئے دکانوں کو تباہ کیا گیا ہے اور جب نوکری کی باری آتی ہے تو باہر سے لائے جانے والے لوگوں کو مقامی لوگوں پر ترجیحی دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے درجنوں ہنر مندوں اور غیر ہنر مندوں بے روز گاروں کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ایچ سی سی کے ریلوے ٹنل پر سمبڑ میں کام کرنے والے ورکروں نے بھی احتجاج میں حصہ لیا اور مطالبہ کیا کہ ان کی چار مہینوں سے بند پڑی تنخواہوں کو جلد از جلد واگذار کیا جائے۔انہوں نے حکام سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔ احتجاجی مظاہرین کو ڈپٹی کمشنر رام بن اور ایچ سی سی کے عہداروں نے معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔