سرینگر//عوامی مجلس عمل نے موجودہ سیاسی صورتحال کوسنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہندوستان ایک منظم منصوبے کے تحت کشمیری حریت پسندوں اور نوجوانوں کو طاقت اور تشدد کے بل پر پشت بہ دیوار کررہی ہے۔ مجلس عمل کے مطابق فورسز ’کیسو ‘کی آڑ میں نوجوان نسل کو صفحہ ہستی سے مٹانے کو کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ حالیہ ایام میں جاں بحق ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔تنظیم نے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ جس بلند نصب العین کیلئے قربانیاں دی جارہی ہیں انہیں کسی قیمت پر نہ تو فراموش کیا جائے گا اور نہ ہی ان قربانیوں کو نظر انداز کرنے کی اجازت دی جائے گی۔مجلس عمل نے فورسز کی حالیہ پُر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں درجنوں زخمیوں کی حالت زار پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری شفایابی کیلئے دعا کی۔مجلس عمل نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو حق خودارادیت کی بنیاد پر حل کرنے کیلئے اقدامات نہیں کئے جاتے ،خطے میں امن و سلامتی اور سیاسی استحکام کی ہرگز ضمانت نہیں دی جاسکتی۔