سرینگر//جماعت اسلامی نے چھترگل کنگن کے عامر حمید لون نامی نوجوان کی ہلاکت کو المناک اور دلدوز قرار دیتے ہوئے کشمیری مسلمانوں کے اس قتل عام کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ایک بیان میں ترجمان جماعت اسلامی ایڈوکیٹ زاہد علی نے کہا ہے کہ آخر کب تک کشمیریوں کے خون ناحق سے یہاں کی سرزمین کو لالہ زار بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زیادتیوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر بھی بھارت کے یہ بے رحم اور انسانیت سے عاری اہلکار اندھا دھند گولیاں برساکر اپنے ہاتھوں کو خون ناحق سے رنگین کرنے کے عادی ہوگئے ہیں۔ترجمان نے بربریت کے ان واقعات کی بین الاقوامی غیر جانبدار ایجنسی کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور ان دلدوز اور ظالمانہ کارروائیوں میں ملوث اہلکاروں کو عبرتناک سزادینے کا مطالبہ کرتی ہے۔انہوں نے عامر حمید لون کے والدین اور دیگر غمزدہ اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔