سرینگر//مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک کی فوج کی تینوں شاخیں ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے با لکل تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین ہو، پاکستان ہو یا اور کوئی ملک ،ہم سے مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر میں تعینات آرمڈ فورسز کیلئے ایک غیر سرکاری ادارہ کی جانب سے وقف کی گئی ایمبولنس گاڑی کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت کے فوج کی تینوں شاخیں ہمارے مضبوط دفاع کی عکاس ہیں اور کوئی بھی ملک ہمارے آگے ٹک نہیں سکتا ۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر وہ اپنے بحری جہاز اور ہوائی جہازوں کو کارروائی کے لئے فوری طورپر تعینات کرسکتی ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ نے خطے میں ملکی مفادات کی حفاظت اور سب کی ترقی کے لیے ’ساگر‘ مشن کے تحت جنگی جہاز اور طیاروں کو حساس مقامات پر تعینات کیاہے۔ اس طرح کی تعیناتی کے ساتھ ، بحریہ نے ضرورت پڑنے پر بحر ہند کے خطے میں انسانی امداد اور راحت رسانی کے آپریشن انجام دئیے اور بین الاقوامی سمندری خطے میں سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔