محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے فوج نے بانہال سے دو روزہ ٹریکنگ مہم کا آغاز کیا ہے۔ ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس، پروجیکٹ منیجر ایم جی سی پی ایل جسمیت سنگھ اور سی پی پی ایل کے پروجیکٹ ہیڈ شمی گاندھی نے کھارپورہ، بانہال سے مرد و خواتین پر مشتمل ٹریکروں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ فوج کے اعلیٰ افسر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس ٹریکنگ میں پہلی بار بانہال کی طالبات بھی حصہ لے رہی ہیں جبکہ گروپ میں تمام مقامی ٹریکر شامل ہیں ۔ ٹریکنگ کا پہلا دن بانہال ہیلی پیڈ سے ٹھنڈی چھائوں چاون ( ڈولیگام ) تک پیدل سفر پر مشتمل تھا۔ جس میں راک کلائمبنگ، جنگلات میں زندہ رہنے کے ہنر یا سروائیول سکلز اور ٹینٹ پچنگ پریکٹس جیسی سرگرمیاں شامل تھیں۔ اس ایک روزہ مہم کو ہفتے کی شام اختتام کیا گیا اور اب اس ٹریکنگ مہم کا اگلا مرحلہ پیر کی صبح باٹو نیل سے شروع کیا جائے گا اور اسے واسا مرگ کیلئے روانہ کیا جائیگا۔ اس ٹریکنگں2023 ایڈیشن میں کل 19 شرکاء اور گائڈ شامل ہیں۔ شرکاء میں مقامی پروفیشنل ٹریکرز، اساتذہ، مولوی، طلباء اور یوٹیوبرز شامل ہیں۔