رمیش کیسر
نوشہرہ //فوج کی ٹٹوال بریگیڈ کی گورکھا یونٹ نے آپریشن سدبھاؤنہ کے تحت علاقہ کے معذور افراد کے لئے ایک اہم اور انسانیت پر مبنی قدم اٹھاتے ہوئے ٹرائی سائیکلوں کی تقسیم کی۔ یہ تقریب ناریاں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے۔اس موقع پر یونٹ کے افسران کے ساتھ ساتھ معروف سماجی کارکن ونود شرما بھی موجود رہے جنہوں نے اس فلاحی اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے بلکہ عوامی بہبود اور سماجی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے فوج اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد مزید مضبوط ہوتا ہے۔تقریب کے دوران معذور افراد کو خصوصی طور پر تیار کی گئی ٹرائی سائیکلیں فراہم کی گئیں، تاکہ وہ اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں میں خود مختار بن سکیں اور انہیں آمدورفت میں آسانی ملے۔ فائدہ حاصل کرنے والے مستحق افراد نے فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مدد نے نہ صرف ان کی مشکلات میں کمی کی ہے بلکہ ان کے اندر خود اعتمادی بھی پیدا کی ہے۔مستفید افراد نے کہا کہ فوج ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے، خواہ وہ قدرتی آفات کا وقت ہو، سرحدی کشیدگی کا ماحول ہو یا سماجی بہبود کے اقدامات فوج اپنی ذمہ داریاں انسانی بنیادوں پر ادا کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن صدبھاؤنہ کے تحت اس طرح کی اسکیموں نے دور افتادہ علاقوں میں امید کی نئی کرن پیدا کی ہے۔ معذور افراد کا کہنا تھا کہ فوج کے اس نیک عمل نے ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا کی ہے اور وہ اس انسانیت سے بھرپور قدم پر فوج کے بے حد شکر گزار ہیں۔