عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//فوج نے گوجر اور بکروال کمیونٹی کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے اور ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا۔ اس ملاقات میں کمیونٹی کے 73 افراد نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران، خطے کی موجودہ صورتحال اور بھارتی فوج اور مقامی آبادی کے درمیان کھلے رابطے کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔ گوجر اور بکروال کمیونٹی کے موسمی نقل و حرکت کے منصوبے پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں مویشیوں کے لئے چراگاہوں کی طرف نقل و حرکت کا شیڈول، متعین راستے، اور ڈھوکوں (عارضی پناہ گاہوں) میں قیام کے انتظامات شامل تھے۔کمیونٹی کے افراد کو خطے میں چوکسی اور نگرانی کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ فوج نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی افراد کی جانب سے کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینا نہایت ضروری ہے تاکہ علاقے میں امن اور تحفظ برقرار رکھا جا سکے۔یہ نشست کمیونٹی کے افراد کو اپنے روزمرہ کے مسائل پر آزادانہ طور پر بات کرنے کا موقع فراہم کرنے میں نہایت معاون ثابت ہوئی۔ ملاقات میں بنیادی طور پر موجودہ سیکورٹی صورتحال اور انتظامی چیلنجز پر توجہ مرکوز کی گئی، جو ترقیاتی عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔