عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// فوج کے شمالی کمان کے سربراہ، لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار نے ہفتہ کے روز، ان تمام رینکوں کو تاکید کی جو انسداد دہشت گردی گرڈ کا حصہ ہیں ، کہ وہ آپریشن کی رفتار کو برقرار رکھیں۔لیفٹیننٹ جنرل کمار نے یہ بات فوج کے دو انسداد دہشت گردی ڈویژنوں، جنوبی کشمیر میں قائم وکٹر فورس اور ایچ ایم ٹی میں واقع کلو فورس کے دورے کے دوران کہی، جو سری نگر میں واقع 15 یا چنار کور کے تحت ہیں۔دونوں آرمی ڈویژنوں کے دورے کے دوران، ناردرن کمانڈر، جن کے ساتھ چنار کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی بھی تھے، کو انسداد دہشت گردی گرڈ، فوجی شہری رابطہ اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔جنرل سچندرا کمارنے موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وکٹر اور کلو فورس کا دورہ کیا۔ انہیںگرڈ، سولجر،عوامی رابطہ اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی کمانڈر نے فارمیشنز کی آپریشنل صورتحال کی تعریف کی اور تمام رینکوں کواپنی سرگرمیاں برقرار رکھنے کی تاکید کی۔آرمی کی شمالی کمان نے X پر ایک پوسٹ میں کہالیفٹیننٹ جنرل کمار 19 فروری کو بھارتی فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کشمیر کے اپنے پہلے دورے پر ہیں۔ گزشتہ تین دنوں میں انہوں نے لائن آف کنٹرول اور کشمیرکے اندرونی علاقوں کا بڑے پیمانے پر سکیورٹی جائزہ لیا۔انہوں نے کپواڑہ اور بارہمولہ ضلع میں ایل او سی کے ساتھ آگے کی چوکیوں کا بھی دورہ کیا اور فوجیوں سے بات چیت بھی کی۔جمعہ کو لیفٹیننٹ جنرل کمار نے جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوین اور دیگر سینئر سیکورٹی حکام کے ساتھ بھی میٹنگ کی اور آنے والے مہینوں کی سیکورٹی کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔