مریضوں کو جی ایم سی راجوری اور دیگر ہسپتالوں تک پہنچایا گیا
سمت بھارگو
راجوری//حکام نے بڈھال گاؤں کے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لئے بھارتی فوج اور بھارتی فضائیہ کی مدد لی ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں گاؤں میں 17 پراسرار اموات کے بعد حالات انتہائی سنگین ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں طبی ایمرجنسی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران، گاؤں کے پانچ نئے مریضوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری منتقل کیا گیا۔منگل کی شام، 23 سالہ اعجاز احمد کو جی ایم سی راجوری لایا گیا، جہاں ان کی حالت بگڑنے پر انہیں آدھی رات کو جموں منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے انہیں پی جی آئی چندی گڑھ بھیجا گیا۔بدھ کی شام، تین حقیقی بہنیں، تعظیم اختر (22)، خالدہ بیگم (18)، اور نازیہ کوثر (16)، کو بھی جی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد، انہیں بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں ریفر کیا گیا۔ایم ایل اے بدھل جاوید اقبال چودھری نے بھارتی فضائیہ اور فوج کی جانب سے مریضوں کی فضائی منتقلی کو ایک بڑی پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’یہ سہولت بڈھال گاؤں کے مریضوں کے فوری علاج اور ان کی زندگیاں بچانے میں نہایت مددگار ثابت ہوگی‘‘۔طبی ماہرین اور حکام نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر، فضائی سہولت مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ بڈھال گاؤں کی اس پراسرار بیماری کے حل کے لئے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حکام عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا رہے ہیں۔