بھارت کی ترقی کو روکنے کی مذموم کوششوں سے چوکنا رہنا ہوگا: ایل جی سنہا
جموں //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ہندوستانی فوج اتحاد اور قومی یکجہتی کی علامت ہے ۔ فوج نے جموں و کشمیر میں پائیدار امن اور مجموعی ترقی کیلئے ساز گار ماحول پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ وہ کمانڈ ہسپتال ادھمپور میں منعقد کردہ میگا آئی کیمپ ’’ آپریشن درشٹی ‘‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ ایل جی نے کہا ’’ ہماری عظیم قوم پرامن بقائے باہمی ، ہم آہنگی اور دوستی کے اصولوں کیلئے پختہ عہد ہے اور آج بھارت کو اپنی طاقت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ‘‘ ایل جی نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج کو تیزی سے بدلتے ہوئے سیکورٹی ماحول کے مطابق خود کو ڈھالنا اور چوکس رہنا چاہئے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ دشمن امن کو تہس نہس کرنے اور بھارت کی ترقی کو روکنے کی مذموم کوششیں کر رہا ہے ، حال ہی میں جموں و کشمیر پولیس نے ایک پین انڈیا ملی ٹینسی نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے اسے نیست و نابود کر دیا جو ملک بھر میں حملوں کی ایک سیریز کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ہمیں قوم کا وقار برقرار رکھنے ، سرحدوں کی حفاظت کرنے اور اتحاد و سالمیت کو محفوظ کرنے کیلئے چوکس رہنا چاہئے ۔ ‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ بے خوف سپاہی اور مخلص افسر بنانے کیلئے قائدانہ صلاحیتیں بہت ضروری ہیں جو آگے چل کر قیادت کریں اور اپنی مثال خود قائم کریں ۔ یہ کیمپ ایسی ہی قیادت کی دلیل ہے جو کمیونٹیز کو فائدہ پہنچا رہی ہے اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے رہی ہے ۔ ‘‘ انہوںنے سب سے اپیل کی کہ وہ آنکھیں عطیہ کرنے میں حصہ لیں اور دوسروں کو بھی اس عظیم الشان مقصد کیلئے ترغیب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ بینائی سے متعلق امراض کے بارے میں آگاہی کو نمایاں طور پر بڑھاتا ہے اور آنکھوں کی دیکھ بھال کے بارے میں اہم رہنمائی فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز علاقوں میں اس قسم کے کیمپس ان کمزور لوگوں تک پہنچتے ہیں جو اکثر اپنی آنکھوں کی بیماریوں سے بے خبر ہوتے ہیں یا علاج کیلئے ضروری آمدنی اور وسائل نہیں رکھتے ، اس طرح ان تک براہ راست انتہائی ضروری علاج پہنچایا جا رہا ہے ۔کیمپ میں ایک ہزار سے زائد افراد کا طبی معائینہ کیا گیا اور 300 سے زیادہ آپریشنز کئے گئے ۔