عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار نے ہفتہ کے روز لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول ( حقیقی کنٹرول لائن)کے ساتھ آگے کے علاقوں کا دورہ کیا اور فوجیوں کو آپریشنل تیاری کی اعلیٰ حالت میں رہنے کو کہا۔آرمی کمانڈر، جن کے ساتھ لیہہ میں مقیم جنرل آفیسر کمانڈنگ آف فائر اینڈ فیوری کور بھی تھے، نے فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔شمالی کمان نے X پر لکھا’’لیفٹیننٹ جنرل سچندرا کمارنے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر تعینات پرشو واریرس بریگیڈ اور یونیفارم فورس کا دورہ کیا،” ۔اس میں مزید کہا گیا کہ آرمی کمانڈر نے فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت، ٹیکنالوجی کو جذب کرنے کی کوششوں کو جاری رکھنے اور انہیں آپریشنل تیاری کی اعلی حالت میں رہنے کی تلقین کی۔