سرینگر//کشمیر اکنامک الائنس ،جموں کشمیر ایمپلائز مومنٹ ،ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی اور عوامی مجلس عمل نے بٹہ مالو ہلاکت کی مذمت کی ہے۔ کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے کہا کہ سڑکوں پر میگڈم اور لہو بچھانے کا کام ایک ساتھ شروع کیا گیا ہے۔ ڈار نے کہا کہ ایک طرف حکومت جموں کشمیر میں حالات سازگار بنانے کے دعوے کرتے ہوئے قیام امن بپا کرنے کا راگ الاپتی ہے اور دوسری جانب از خود وادی کے حالات کو شہری ہلاکتوں سے مخدوش بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہلاکتوں کے بیچ تعمیر و ترقی کا جال بچھانے کا اعلان اسی طرح ایک مفروضہ ثابت ہو رہا ہے جس طرح حکمران جماعت کا یہ نعرہ” گولی سے نہیں بولی“ ثابت ہوا۔جموں کشمیر ایمپلائز مومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے بٹہ مالو میں 22سالہ نوجوان کی ہلاکت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کا قتل عام اب فورسز کا معمول بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج کی وارننگ کو من و عن عملایا جارہا ہے جوتشویشناک معاملہ ہے۔ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی چیئرمین ہاشم قریشی نے بٹہ مالو میں راست فائرنگ سے سجاد حسین کی ہلاکت اور پلوامہ ڈگری کالج میں طلاب کا زدکوب اوران پر پیلٹ اور شلنگ کرنے کی فورسز کی ہلاکت خیز کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ اپنے منصب کی تعمیر بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے سروں پر کھڑا کررہی ہے ، جوچنگیزی دور کی یاد دلاتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کی بے لوث قربانیوں کو رائیگان نہیں ہونے دیاجائے گا۔ عوامی مجلس عمل نے بٹہ مالو میںنوجوان کو فورسز کے ہاتھوں جاںبحق کردینے ، پلوامہ ڈگری کالج میں نہتے طالب علموںپر فورسز کے جبر و قہر اور تشدد آمیز کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اس کے لواحقین اور پسماندگان کو یقین دلایا گیا کہ اس غم میں وہ ان کے ساتھ ہیں۔بیان میں انسانی حقوق کی محافظ تنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے انسانیت اور جمہوریت پر یقین رکھنے والے اداروں سے اپیل کی گئی کہ حکمران طبقہ کشمیر میں طاقت اور فوجی قوت کے بل پر وہ تمام حربے استعمال کررہی ہے جو انسانیت کیلئے باعث شرم ہےں ۔