فنکار و ں،فلم میکروںاور دلت جنجاگرت مشن کے وفود لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی

سرینگر //کشمیر کے عامل فنکاروں اور فلم سازوں کے ایک وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں ایک یاداشت بھی پیش کی وفد میں عیاش عارف، وحید جیلانی اور ضمیر عشائی شامل تھے ۔پیش کردہ مطالبات میں کلچرل اکیڈمی کی جانب سے  فنکاروں کو  فائدہ پہنچانے والی اسکیموں کے نفاذ، فنکاروں کی فیس میں اضافہ، وادی کے ثقافتی اداروں جیسے دوردرشن، آل انڈیا ریڈیو اور وادی کے دیگراداروں کو مظبوط ومستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔اس دوران لیفٹیننٹ گورنر کا جموں کشمیر کی حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی فلم پالیسی کے لیے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے علاقائی فلمی صنعت اور اس سے وابستہ لوگوں کو فروغ ملے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ جموں کشمیر پرفارمنگ آرٹس اور ثقافت کے میدان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کی طرف سے پیش کردہ مسائل اور مطالبات کو غور سے سنا اور انہیں پر ہر ممکن تعاون اور ضروری کارروائی کا یقین دلایا۔دریں اثنا، قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج سہیل احمد میر کی قیادت میں دلت جنجاگرت مشن (ڈی جے ایم) کے ایک وفد نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور مطالبات کو پیش کیا۔وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو وادی کشمیر کے مختلف ترقیاتی اور انتظامی مسائل بشمول دیہی سڑکوں کی مناسب دیکھ بھال کے بارے میں آگاہ کیا۔ شیخ سہیل میر نے جموں و کشمیر سے متعلق مختلف ترقیاتی مسائل پر روشنی ڈالی اور لیفٹیننٹ گورنر پر زور دیا کہ وہ رکے ہوئے پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے ارکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ UT حکومت جموں و کشمیر کے تمام خطوں کی مساوی اور تیز رفتار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل اور مطالبات کو جانچ کر جلد از جلد حل کیا جائے گا۔