گاندربل//صفاپورہ گاندربل میں ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو پچھلے دو دن سے پانی کی شدید قلت ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کوسخت مشکلات درپیش ہیں۔صفاپورہ میں مانسبل جھیل کے کنارے پر واقع کولہ پورہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا فلٹریشن پلانٹ سے درجنوں محلوں جن میں کولہ پورہ،مین مارکیٹ،بٹہ پورہ،رنگر محلہ،شیخ محلہ،وانی محلہ،درزی محلہ،برکتی محلہ،چک محلہ اورمیر آبادی سمیت دیگر محلوں کو پانی سپلائی ہوتا ہے لیکن دو دن سے پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگوں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ایک مقامی شہری محمد سلطان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فلٹریشن پلانٹ میں نصب پمپ کا موٹر تین دن سے ناکارہ ہے جس کی وجہ سے وہ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس رہے ہیں۔ مقامی آبادی نے پمپ کا موٹر فوری طور پر ٹھیک کرنے کا مطالبہ کیا۔