سرینگر//یروشلم میں امریکی سفارتخانہ کی منتقلی اور اسرائیلوں کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں کو ہلاک کرنے کیخلاف حیدرپورہ، گاﺅ کدل، چھتہ بل سرینگر، بڈگام میں مزاحمتی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور جلوس نکالے اور نعرے بازی کی۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت کے پروگرام کے تحت فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے حیدرپورہ میں احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں حکیم عبدالرشید، محمد سلیم زرگر، سید محمد شفیع، فیروز احمد خان، محمد یٰسین عطائی، سید امتیاز حیدر، خواجہ فردوس وانی ،کارکنوں اور لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ فلسطین اور کشمیری عوام قریباً ایک صدی سے ظلم وستم کے شکار ہیں۔ فلسطین میں مظلوموں کا لہو ارزاں ہے اور کشمیر میں بھی روز جنازے اٹھ رہے ہیں۔ شیر خوار بچوں سے لے کر صنف نازک اور معمر افراد کو بے دریغ قتل کیا جارہا ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ادھر لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین بشیر احمد بٹ کی قیادت میں قائدین،اراکین اور زندگی کے کئی شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مدینہ چوک میں جمع ہوکرلالچوک کی جانب ایک پرامن ریلی نکالی۔ احتجاجی ریلی میں اور لوگوں کے ساتھ ساتھ فرنٹ کے مشتاق اجمل، شیخ عبد الرشید، بشیر احمد کشمیری، محمد صدیق شاہ، مشتاق احمد خان، اشرف بن سلام، پروفیسر جاوید، جاوید احمد بٹ ،غلام محمد ڈار، محمد حنیف، امتیاز احمد، معراج الدین پرے، علی محمد اژھن، محمد مقبول ٹپلو، مشتاق احمد گلو اور دوسرے لوگ بھی شامل تھے۔ ہاتھو ں میں فلسطین کے حق میں نیز اسرائیلی بربریت کے خلاف نعروں پر مبنی پلے کارڈ تھامے اور اسی حوالے سے فلک شگاف نعرے بلند کرتا ہوا یہ جلوس بڈشاہ چوک پر پہنچا جہاں اس نے ایک پرامن دھرنے کی صورت اختیار کی۔احتجاجی دھرنے سے اور لوگوں کے علاوہ فرنٹ نائب چیئرمین نے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے کیا گیا حالیہ قتل عام صرف اور صرف ایک نسل کشی کا معاملہ ہے جسے بدقسمتی سے عالمی برادری خاص طور پر امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہورہا ہے وہ ایک انسانی المیہ ہے جسے عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی شہ دے رہی ہے۔لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے اس حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری نے فلسطین اور کشمیر جیسے متنازعہ خطوں اورمقامات پر انسانیت اور انسانوں کو ناکام بنادیا ہے۔انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی بربریت اور وہاں ہونے والے حالیہ قتل عام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لمبے عرصے سے چل رہے ان تنازعات اور مسئلوں کہ جن کے براہ راست شکار دنیا کے کروڑوں انسان ہورہے ہیں‘ کو حل کرنے کے بجائے عالمی برادری ان مسائل اور تنازعات کو مذید طول دینے اور مشکل بنانے میں منہمک نظر آتی ہے۔حریت (ع) چیئرمین میرواعظ نے غزہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں نہتے افراد کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام غم و اندوہ کی اس گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی شہ پر فلسطینی عوام کیخلاف اسرائیل کی جارحیت بدترین دہشت گردی ہے جس کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے ساتھ دنیا کے ہر مسلمان کے جذبات وابستہ ہیں اور فلسطینی عوام کے قتل عام کے ضمن میں عالمی برادری خصوصاً مسلم ممالک کی خاموشی حد درجہ افسوناک ہے۔انہوں نے OIC پر زور دیا کہ وہ فلسطینی اور کشمیری عوام کا قتل عام رکوانے کیلئے آگے آئیں۔ اتحاد المسلمین کے اہتمام سے نماز جمعہ کے بعد مسجد سجادیہ چھتہ بل سے معصوم فلسطینیوں پر حالیہ اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں کارکنوں کے علاوہ لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے اسرائیل اور شیطان بزرگ امریکہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی جبکہ انہوںنے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھائے رکھے تھے جن پر القدس لنا، مرگ بر اسرائیل اور مرگ بر امریکہ جیسے نعرے درج تھے۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے امریکی فیصلے کے خلاف فلسطینی عوام کے ہمہ گیر احتجاج کے دوران اسرائیل کی بربریت کی سخط الفاظ میں مذمت کی۔ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی عوام کے قتل عام کے خلاف بڈگام میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقعہ پر آغا حسن نے کہا کہ امریکی سفارت خانے کیا یروشلم منتقلی مشرقی وسطیٰ میں ایک نئی آگ بھڑکانے کا دانستہ امریکی منصوبہ ہے اور یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تحریک مزاحمت کے جنرل سیکرٹری محمد سلیم زرگر نے اسرائیلی دہشت گرد فورسز کی طرف سے فلسطینی عوام کے حالیہ قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ ہلاکتیں اسی نسل کشی کے منظم منصوبے کا تسلسل ہے جس کے تحت 1948سے مسلسل اسرائیل ارض فلسطین پر اپنے ناجائز قبضہ کو دوام بخشنے کی خاطر فلسطینی عوام کے قتل و غارت میں ملوث رہی ہے۔سالویشن مومنٹ کے ذمہ داروں غازی جاوید بابا،ارشاد احمد، فیاض احمد، مختار احمد، محمد ایوب اور مشتاق احمد نے اسرائیلی جارحیت اور درندگی کے کیخلاف نماز جمعہ کے بعد لالچوک سرینگر میں احتجاج کیا۔