اوٹاوا //کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں جمہوریت کی پرامن تبدیلی کے لئے حمایت کرنے کے لئے عوام سے متحد ہونے کی اپیل کی ہے ۔ فری لینڈ نے پیر کو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ ہمیں وینزویلا کے لوگوں کی قیادت میں جمہوریت کی پرامن تبدیلی کی حمایت کرنے کے لئے ساتھ مل کر کھڑے ہونا چاہے ۔ ’’ اس سے قبل فری لینڈ نے نامہ نگاروں سے کہا تھا کہ کینیڈ ا اور اس کے ساتھی وینزویلا پر پابندیا ں کی فہرست کو توسیع دینے کے طریقوں پر بات چیت کر رہے ہیں ۔امریکہ اور اس کے حلیفوں کی طرف سے وینزویلا کی سرحدوں پر انسانی امداد پہنچانے میں ناکام رہنے کے بعد اس جنوبی امریکی ملک میں موجودہ بحران کے متعلق منگل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بھی ہونے والا ہے ۔ گزشتہ ماہ امریکی حمایت والے وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر جوآن گا ئیڈوکی جانب سے خود کو عبوری صدر کا اعلان کرنے کے بعد صدر نکولس مادرو نے امریکہ پر تختہ پلٹنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔امریکہ اور اس کے حلیفوں کی جانب سے مسٹر گائیڈو کی حمایت کرنے کے بعد روس، چین، کیوبا، بولیویا اور بہت سے دوسرے ممالک نے وینزویلا کے جائز صدر کے طور پر مسٹر مادرو کی حمایت کی ہے ۔ یو این آئی