جموں //جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کشتواڑ کیمپس میں منعقدہ اسلامیہ فریدیہ ایجوکیشنل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے 117ویں سالانہ یوم تاسیس کی تقریب کی صدارت کی۔ یہ اہم تعلیمی اور تحقیقی ادارہ چناب ویلی کے طلباء کو مختلف اسٹریمز اور مضامین میں خدمات فراہم کرتا ہے۔ تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ،ایس ایس پی، سابق ایم ایل اے، سابق ایم ایل سی، این ایچ پی سی کے جنرل منیجر، انسٹی ٹیوٹ کے سابق طلباء میونسپل چیئرمین کشتواڑ سجاد نجار، وقف بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر ماجد جہانگیر، ایڈمنسٹریٹر وقف کشتواڑ ذاکر حسین وانی اور دیگر نے شرکت کی۔ دارے کے طلباء کی جانب سے ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا۔اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ جلد ہی یہاں بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات کو فروغ دینے کیلئے ایک منصوبہ تیار کرے گا تاکہ یہ جموں و کشمیر اور ملک کے سرکردہ تعلیمی مراکز میں سے ایک بن کر ابھرے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اس انسٹی ٹیوٹ کو قومی سطح کے تعلیمی مرکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے ایک منصوبہ تیار کریں۔ وقف بورڈ کا جموں و کشمیر میں بہت بڑا تعلیمی سیٹ اپ ہے لیکن اسے ہموار اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ وقف کے زیر انتظام کئی تعلیمی مراکز خستہ حال ہیں اور نئے بورڈ نے اس کا نوٹس لیا ہے۔ ہم ایک سال کے اندر وقف کے موجودہ تعلیمی نیٹ ورک کو تیار کرنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کر رہے ہیں۔ مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کی گرانٹ کی مدد سے، وقف مسابقتی امتحانات اور سول سروسز کیلئے کچھ کوچنگ سینٹرز شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور UT میں کچھ ہنر مندی کے مراکز بھی قائم کرنا چاہتا ہے۔