غلام محمد
سوپور// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور کابینی وزیر ستیش شرما کی ہدایت پر انتظامیہ نے سوپور فروٹ منڈی سے باہر کی بڑی منڈیوں تک سیب کی نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ٹرکوں کے ایک بیڑے کو سروس میں ڈال دیا ہے۔ منڈی میں سیب کی کھیپ لوڈ کرنے کیلئے 40 ٹرک دستیاب کرائے گئے تاکہ بڈگام میں پارسل ٹرین کے ذریعے مزید میوہ بیرون منڈیوں کوروانہ کیا جائے۔ دہلی کی آزاد پور منڈی کے ساتھ ساتھ چندی گڑھ، پنجاب اور ہریانہ کیلئے براہ راست آمدورفت کیلئے اضافی ٹرکوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔حکام نے کہاکہ یہ اقدام جموں سرینگر قومی شاہراہ کے بار بار بند ہونے کی وجہ سے نقل و حمل کی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ یہ قدم کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔سوپور فروٹ منڈی گروورس ایسوسی ایشن کے صدر فیاض احمد ملک عرف کاکہ جی نے اسٹیٹ روڈٹرانسپورٹ کارپوریشن (SRTC) کے عہدیداروں، اے ڈی فوڈ بارہمولہ اور اے آر ٹی او بارہمولہ کے ساتھ انتظامات کی نگرانی کی، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ سامان کو بغیر کسی تاخیر کے روانہ کیا جائے۔فروٹ منڈی کے صدر فیاض ملک اور دیگرپھل کاشتکاروں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔