اشرف چراغ
کپوارہ// اودھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کے تحت سوپور سے کپواڑہ تک تقریباً 33.7 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کی توسیع کے سلسلے میں ایک تازہ ترین پیشرفت میں، ریلوے حکام کے ذریعہ ‘فائنل لوکیشن سروے’ (FLS) کے مقصد کیلئے کپواڑہ انتظامیہ نے ضلع میں قائم مختلف دفاتر سے مطلوبہ ڈیٹا طلب کیا ہے۔ اے ڈی سی کپوارہ کی طرف سے جنرل منیجر ڈی آئی سی، چیف ایگریکلچرل آفیسر، اے آر ٹی او، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے، ایریا مارکیٹنگ آفیسر، ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹی کپوارہ اور ایگزیکٹیو آفیسر ایم سی کپواڑہ/ہندواڑہ/لنگیٹ کو جاری ایک مکتوب کے مطابق، ڈپٹی چیف انجینئر/سی-II، ناردرن ریلوے، یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ، بانہال نے حوالہ کے تحت مواصلت سے آگاہ کیا ہے کہ شمالی ریلوے سوپور سے کپواڑہ تک ریلوے لائن کی توسیع کیلئے فائنل لوکیشن سروے (FLS) کر رہا ہے۔ اس مجوزہ نئی لائن پر متوقع ٹریفک کا اندازہ پروجیکٹ رپورٹ کے ایک حصے کے طور پر کیا جانا ہے جو مختلف سٹیشنوں پر مطلوبہ بنیادی ڈھانچے کا فیصلہ کرنے میں مدد کرے گا”۔ مواصلت کے مطابق، “اس لیے اب آپ سے درخواست ہے کہ پروجیکٹ کے علاقے میں واقع قصبوں کی آبادی کے حوالے سے اپنے متعلقہ محکموں سے متعلق اور مختلف اجناس کے لیے نقل و حمل کی ضروریات مثلاً غذائی اجناس، کھاد، سیمنٹ، ڈیزل، پیٹرول، سٹیل وغیرہ کا تازہ ترین ڈیٹا فراہم کریں “۔ مزید کہا گیا ہے ، ’’اس کیلئے آپ کی ذاتی توجہ درکار ہے اور اسے 03 دنوں کے اندر مثبت طور پر اس دفتر (اے ڈی سی دفتر) میں جمع کروائیں”۔