جموں//محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز فائر سروس وویک منا رہا ہے اور آگ سے بچائو اور اَحتیاطی تدابیر کی عوامی میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے پورے ہفتے میں متعدد پروگرام شروع کئے جارہے ہیں۔یہ ملک بھر میں ہر برس 14؍ اپریل سے 20؍ اپریل تک فائر سروس ہفتہ منایا جاتا ہے تاکہ عوام کو آگ سے بچائو اور اَحتیاطی تدابیر کے بارے میں میں آگاہ کیا جاسکے۔یہ دِن اُن بہادر فائر مین کی یاد میں بھی منایا جا رہا ہے جنہوں نے ریسکیو اورآگ بجھانے کے دوران عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔مرکزی یادگاری پریڈ گاندھی نگر جموں کے علاوہ صوبائی اور ضلعی سطح پر منعقد کی گئی جس کے دوران شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اِس سلسلے میں ایک اہم تقریب فائر اینڈ ایمرجنسی ہیڈ کوارٹر گاندھی نگر جموں میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز آلوک کمار مہمان خصوصی تھے۔یادگاری پریڈ کے بعد شہداء کے احترام کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور آلوک کمار، محکمہ کے دیگر سینئر افسران اور جوانوں نے یادگار پر گل دائرے چڑھائے۔ اِس موقعہ پر ڈائریکٹر نے خطاب کرتے ہوئے اُن فائر مین کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے نیک مقصد ’’ وی سر و ٹو سیو‘‘ کے لئے اَپنی جانیں نچھاور کیں اور 14؍ اپریل کو فائر سروسز ہفتے کے طور پر منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے کردار پر زور دیتے ہوئے آگ اور آفاتِ سماوی کی وجہ سے ہونے والی تباہی پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ صنعتی اِداروں ، تعلیمی اِداروں ، ہسپتالوں اور دیگر اداروں میں آگ سے بچائو کے اقدامات کے حوالے سے ہفتے کے دوران مظاہرے کرنے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔طلباء میں مضمون نویسی مقابلوں اور اِس برس کے تھیم پر مباحثے کا اِنعقاد کریں۔اُنہوں نے فائر مین کے کردار کی بھی تعریف کی جنہوں نے جموںوکشمیر حالیہ آگ بجھانے اور بچائو کاررِوائیوں کے دوران قابل ستائش کام کیا۔بعدا َزاں ، ڈائریکٹر نے فائر سروسز کے حوالے سے تھیم سانگ ، پوسٹروں ، بینروں کے ساتھ ویڈیو پرپزنٹیشن بھی جاری کی اور فائر سروس ہفتہ 14؍ اپریل سے 20؍ اپریل 2023ء تک منایا جارہا ہے ۔اُنہوں نے ثقافتی تقریبات کے علاوہ کھیلوں کی تقریبات ، عوام کے لئے مفت میڈیکل چیک اَپ ، اِنخلا ٔ کی مشقیں ، مضمون نویسی کے مقابلوں ، فائر آڈِٹ کے اِنعقادکے لئے بھی ہدایات جاری کیں۔اِسی طرح کی تقریبات کمان سطح کے علاوہ رینج ہیڈ کوارٹر بتہ مالو سری نگر میں بھی منعقد کی گئیں۔
فائر سروس ہفتہ کے موقع پرکشتواڑ بھر میں تقریبات کا اہتمام
عاصف بٹ
کشتواڑ//ہرسال جموں کشمیر میں14 اپریل سے 20 تک فائر سروس ہفتہ کا اہتمام کیا جاتا ہے جسکے سلسلے میں سبھی مقامات پر فایر سروس محکمہ کی طرف سے تقریب کا اہتمام ہوا۔ضلع کشتواڑ کے سبھی ہیڈکوارٹر پر محکمہ کی جانب سے تقریبات کا اہتمام ہواجس دوران محکمہ کے فایر فائٹرس نے بچائو کاروائی کے دوران مارے گئے اہلکاروں کو یاد کیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کی۔ محکمہ نے بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب میں عوام کو آگ و دیگر حادثات سے بچنے کیلئے احتیاتی تدابیر اپنانے کوکہا اور کس طرح سے جان ومال کا تحفظ ممکن ہو اسے بھی سیکھا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے دوران مختلف مقامات پر لوگوں میں آگاہی پیداکرنے کیلئے پروگرام منعقد ہونگے اور سبھی بلاک سطح پر عوام میں بیداری پیدا کرنے کیلئے عوام کو بتایا جائے گاجبکہ سکولوں، کالجوں میں بھی جاکر بچوں کو مشکل حالات میں جان ومال کے تحفظ سے آگاہ کیا جائے گا۔ٹھاٹھر ی میں بھی تقریب کا اہتمام ہوا۔