پرویز احمد
سرینگر //وادی میں حالیہ دنوں پیش آنے والی آگ کی وارداتوں کی بڑی وجہ الکٹرانک آلات اوررسوئی گیس کی وجہ سے پیش آئی ہیں۔ سالانہ فائر سیفٹی ہفتہ کے سلسلے میں سرینگر کے کوٹھی باغ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں منعقد کئے گئے جانکاری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز عاقب حسین میر نے بتایا ’’ پچھلے تین ماہ کے دوران وادی میں پیش آنے والی آگ کی وارداتوں کی بڑی وجہ الیکٹرانک آلات اور ایل پی جی گیس کا استعمال ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ حادثات غیر معیاری الیکٹرانک آلات کی وجہ سے پیش آئے ہیں جبکہ بیش ترواقعات میں آگ ایل پی جی گیس کی وجہ سے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں آگ سے بچنے کیلئے ہمیں نہ صرف معیاری الیکٹرانک آلات کا ستعمال کرنا چاہئے بلکہ ایل پی جی گیس کے استعمال کا صحیح طریقہ بھی معمول ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی وارداتوں سے بچنے کیلئے لوگوں کو آگ سے بچنے کے طریقوں اور آگ لگنے کی صورت میں بچائو کے طریقہ کار کے بارے مین جانکاری دینا لازمی ہے اور اس لئے ہر سال اپریل کے تیسرے ہفتہ کو فائر سیفٹی ویک کے طور پر منایا جاتا ہے۔ عاقب نے بتایا ’’ اس سال کا موضوع ’’ آگ سے حفاظت سیکھیں، پیداواری صلاحیت میں اضافہ کریں‘‘ رکھا گیا ہے تاکہ لوگوں کو آگ سے بچنے کے طریقوں کی جانکاری دی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں میں بچوں کو جانکاری دینے کا مقصد یہ ہے کہ بچے نہ صرف سکولوں میں اپنی حفاظت کریں گے بلکہ اپنے گھروں اور محلہ جات میں بھی آگ لگنے کی صورت میں لوگوں کی مدد کر سکیں گے۔ تقریب میں ڈیویشنل فائر افسر سٹی تصدق احمد حکیم، انچارج فائر پریوینشن سمیر احمد وانی اور محمد سعید بیگ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر کوٹھی باغ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کی طالبات اور اساتذہ بھی موجود تھے۔