عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر بورڈ آف سکول یجوکیشن نے غیر بورڈکی تجویز کردہ نصابی کتابوں کو اپنانے کی تصدیق کے بعد 4سکولوں کی رجسٹریشن کو معطل کر دیا ہے۔ان اسکولوں کو شوکاز نوٹس جاری کئے جارہے ہیں کہ کیوں انکی رجسٹریشن شرائط و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی اور بورڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر منسوخ نہیں کی جاسکتی ہے۔ ایک پریس نوٹ میں، جموں و کشمیر بورڈنے تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ ریڈیئنٹ پبلک سکول اننت ناگ، سولیس انٹرنیشنل سکول پلوامہ، ہولی مشن سکول ناربل اور پائنیر ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ ہنجی ویرہ پٹن، کی رجسٹریشن معطل کردی گئی ہے اور ان کی بورڈ سے متعلقہ سہولیات کو روک دیا گیا تھا۔جن سکولوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ان میں کینڈڈ ہائر سیکنڈری سکول نوگام، فیاض ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ نوگام، الفجر انسٹی ٹیوٹ نوگام، الہدی پبلک سکول، پٹن، شمس میموریل سکول خان صاحب، حنفیہ ہائی سکول، فرسل، فوچر وژن سکول بانڈی پورہ اور لنٹن ہال سکول راج باغ، سرینگر شامل ہیں۔اداروں کو جرمانے کی رقم ایک ہفتے کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی جس کی عدم ادائیگی پر کارروائی شروع کی جائے گی۔دریں اثنا، بورڈ نے پرائیویٹ سکولوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نصابی کتابوں سمیت مقررہ نصاب کو اپنانے کو یقینی بنائیں، جو تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق ہے جس میں NCERT کے مطابق مواد شامل ہے۔بورڈنے کہا کہ نصابی کتابیں بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ قابلیت پر مبنی سیکھنے پر توجہ دینے کے ساتھ سستی اور لاگت سے موثر ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ ان کتابوں کو اپنانے سے بچوں کی نشوونما کے ابتدائی مراحل میں ذہنی دبا کے بغیر تعلیمی ترقی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔