ٹی ای این
سرینگر// کشمیر ٹریڈ الائنس نے مسلسل اور غیر طے شدہ بجلی کٹوتیوں پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے جس سے پورے خطے میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ اپنے بیان میں کے ٹی اے صدر اعجاز شاہدار نے سرینگر اور کشمیر کے دیگر حصوں میں بجلی کی مسلسل قلت کے کاروبار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے باوجود، کشمیر میں غیر طے شدہ بجلی کی کٹوتیوں نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔شاہدار نے زور دے کر کہا کہ بجلی کی ناقابل اعتماد فراہمی سے کاروبار سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ زیادہ تر کاروباری سرگرمیاں بجلی پر چلتی ہیں، اور بجلی کی عدم دستیابی پورے عمل کو پٹڑی سے اتار دیتی ہے،” انہوں نے وضاحت کی۔کے ٹی اے صدر نے انکشاف کیا کہ ان کی تنظیم نے یہ معاملہ کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے چیف انجینئر کے ساتھ اٹھایا ہے اور بجلی کے مسلسل بحران سے نمٹنے کے لیے ان سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل بندش طویل عرصے سے وادی کشمیر کے رہائشیوں اور کاروباری اداروں کے لیے مایوسی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ حکام کی طرف سے صورتحال کو بہتر بنانے کی یقین دہانیوں اور کوششوں کے باوجود، وقفے وقفے سے بلیک آؤٹ جموں و کشمیر میں روزمرہ کی زندگی اور تجارتی سرگرمیوں میں خلل ڈال رہا ہے۔