سرینگر//بشری حقوق کے ریاستی کمیشن چیئرمین(ر) بلال نازکی نے ڈرگ کنٹرولر کو ریاست میں غیر معیاری اور ناقص ادویات کی خرید و فروخت اور سپلائی کم کرنے کیلئے6ماہ میں اسکیم مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اسے حکومت کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔جی پی پنتھ اسپتال میں سال2012 میں غیر معیاری ادویات کے استعمال سے نوزائد بچوں کی موت واقع ہونے سے متعلق رپورٹ منظر عام پرآنے پر متحرک سیول سوسائٹی گروپ پیپلز فورم کے جنرل سیکریٹری ایم ایم شجاع نے سال2013میں ریاستی انسانی حقوق کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹایا اور اسپتالوں میں نقلی ادویات کے استعمال کے سلسلے میں انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن کو مداخلت کرنے کی درخواست کی تھی۔ انسانی حقوق کمیشن چیئرمین جسٹس(ر) بلال نازکی نے کیس کو نپٹاتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ڈرگ کنٹرولر نے مفصل رپورٹ پیش کی ہے،اور وہ ذاتی طور پر بھی حاضر ہوئے اور اس معاملے پر روشنی ڈالی۔بلال نازکی نے کہا کہ مبینہ طور پر جس کمپنی پر غیر معیاری ادویات سپلائی کرنے کا الزام تھا کے وکیل نے کہا کہ کمپنی کو پہلے ہی بلیک لسٹ کیا گیا ہے اور کمپنی کے خلاف ہرجانہ بھی کیا گیا ہے اور ان گزارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے کمیشن کی طرف سے دیگر کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔ جسٹس بلال نازکی نے اپنے حکم نامہ میں کہا کہ عرض گزار کی تجاویز اور ڈرگ کنٹرولر کی رپورٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے’’ ڈرگ کنٹرولر کو ہدایت دی جاتی تھی کہ ایک اسکیم کو مرتب کی جائے ،جس میں اس نظام میں بہتری کی تجاویز دی جائیں،تاکہ ناقص اور غیر معیاری ادویات کی سپلائی اور خرید وفروخت کو کم کیا جائے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکیم6ماہ میں تیار کر کے حکومت کو پیش کی جائے۔