سرینگر// سرمائی تعطیلات ختم ہونے اور کورونا کی رفتار کم ہونے کے بعد انتظامیہ کے فیصلے کے مطابق بدھ 2مارچ کو سکولوں میں درس و تدریس کا کام باضابطہ طور پربحال ہوا۔وادی میں31ماہ بعد اسکولوں میں رونق لوٹ آئی اور غیر معمولی گہما گہمی اور خوشی کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ بدھ کی صبح شہر و دیہات میں رنگ برنگی وردیوں میں ملبوس بچے مسکراتے ہوئے اسکولوں کی جانب جارہے تھے۔ طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد کو اسکول بسوں کا انتظار کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ 2سال کے طویل عرصہ بعد ایک الگ اور خوشگوار ماحول دیکھنے کو مل رہا تھا۔ سکولوں میں بچوں کی چہچاہٹ اور خوشی کے شور وغل سے ایک دلکش ماحول نظ آرہا تھا جو پچھلے قریب دو برسوں کے دوران نہیں مل پارہا تھا۔سکولی بچوں نے ہم جماعتیوں اور دوستوں کے ساتھ بغل گیر ہوکر خوشی کا اظہار کیا۔تعلیمی اداروں کے داخلہ دروازوں پر طلبہ کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بنائے گئے تھے۔ کئی اداروں میںواک تھرو جراثیم کش گیٹ نصب کیے گئے ، جہاںسینی ٹائز بھی دستیاب رکھے گئے تھے۔ شہر اور دیگر قصبوں میں سینکڑوں سکولوں کے بچوں کو خود ہی سکول جانا پڑا کیونکہ پہلے دن انکے سکولوں کی جانب سے گاڑیوں کا انتظام کرنے میں دشواریاں پیش آئیں۔ہر ایک بچے نے چہرے کو ماسک سے ڈھانپ لیا تھا اور ہاتھوں میں سینی ٹائزر تھا۔ اسکولوں میںطلاب کی آمد سے خوشی و شادمانی کا سماں بندھ گیا وہیں مختلف وردیوں میں ملبوس اور ماسک لگائے طلبا سے بازاروں کی رونق بھی دو بالاہوگئی ۔سبھی سرکاری و پرائیویٹ اسکولوں کے داخلی دروازوں پربچے بچیوںکوعملیاتی طریقہ کار کے اْن قواعد وضوابط کی سرحدسے گزرناپڑا ،جو انتظامیہ نے کوروناوائرس کی روکتھام کیلئے لازمی قرار دئیے ہیں۔ طلبہ و طالبات نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدتوں بعد اپنے دوستوں اور اساتذہ کو دوبارہ اسکولوں میں دیکھتے ہوئے کافی خوشی محسوس ہوئی۔کوٹھی باغ اسکول کی ایک طالبہ نے کہا کہ آخری بار جب وہ اسکول آئی تھی تو و ہ چھٹی جماعت میں تھی اور آج نویں جماعت میں ہے،وقت کیسے گزر گیا پتہ ہی نہیں چلا۔ اس نے کہا کہ اگر چہ وہ اسکول آنے سے کافی خوش ہے تاہم اڈھائی برس بعد اسکول آنے کے بعد سر نو شیڈول مرتب کرنا پڑے گا۔پانچ اگست 2019کے بعد اسکول بند تھے،تاہم مارچ2020میں اگرچہ اسکول قریب8ماہ بعد دوبارہ کھلے تھے،لیکن ایک ہفتے کے بعد ہی کورونا کیسوں کے بعد تعلیمی اداروں کو دوبارہ بند کیا گیا۔ 2021میں، تقریباً تین ماہ کی موسم سرما کی تعطیلات کے بعد اسکول 26 فروری کو دوبارہ کھلے تھے ،لیکن ایک مہینے کے بعد، کوویڈ کیسوں میں اضافے کے بعد4 اپریل کو دوبارہ بند کئے گئے۔