حسین محتشم
پونچھ// ضلع پونچھ سرنکوٹ کے مختلف علاقوں کے مقامی باشندوں نے دریا میں ہورہی غیرقانونی کان کنی کے خلاف لٹھونگ پل کے قریب زبردست احتجاج کیا۔باشندوں نے الزام عائد کیا کہ دریائے سرن میں غیرقانونی طور پر کان کنی کر کے بجری ریت کی سمگلنگ کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے پہلے بھی دریا کے آر پار کے علاقوں کو کئی طرح کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے سیلاب کے دوران کان کنی کی وجہ سے لوگوں کو ازحد نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ دریا نالوں سے بجری ریت نکالی جاتی ہے جس کی وجہ سے پہلے بھی کئی قیمتی جانوں کا ضیاں ہوا ۔انہوں نے کہا اس کے خلاف پہلے بھی شکایت درج کرائی گئی تھی لیکن اس کے خلاف کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس کان کونے کی وجہ سے ملہان، پھاگلہ اور کانیکوڑی کے علاقوں کو شدید نقصان ہو سکتا ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ کی عدم توجہی سے تنگ آکر لوگوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔ ضلع انتظامیہ اگر غیرقانونی کان کنی کے خلاف کارروائی نہیں کرتی ہے تو آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ مقامی باشندوں کے مطابق نالے سے بجری ریت نکالی جاتی ہے جس کی وجہ سے دریائے پر موجود باندھ کو نقصان پہنچ رہاہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔