پرویز احمد
سرینگر //محکمہ صحت و طبی تعلیم نے ڈیوٹی سے غیر قانونی طور پر غیر حاضر رہنے والے6ڈاکٹروں کو نوکری سے برطرف کردیا ہے جبکہ 11دیگر ڈاکٹروں کے نام وجہ بتائو نوٹس جاری کیا ۔محکمہ صحت کے حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ ناظم صحت نے جانکاری دی ہے کہ ڈاکٹر مدثر بشیر، ڈاکٹر مظفر محی الدین حکیم، ڈاکٹر شازیہ کوثر،ڈاکٹر عبید علی، ڈاکٹر نوشین میر اور ڈاکٹر عمران احمد خان بغیر اجازت کے مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر اور دیگر بیرون ریاست اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے بغیر پیشگی ازجات چلے گئے ہیں۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹروں کے نام محکمہ صحت نے کئی نوٹس اجرا کئے ، ڈیوٹی پر حاضر ہونے کے کئی مواقعے فراہم کئے گئے اور بار بار خبر دار کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے کوئی جواب نہیں دیا،۔ ڈاکٹر عبید علی نے کرناٹک سرکار کے ساتھ سال 2023کے آخر تک کام کرنے کا معاہدہ کیا ہے تاہم اس معاہدے سے متعلق محکمہ صحت کو مطلع نہیں کیا ۔ محکمہ صحت نے اپنے ایک اور حکم نامہ میں مزید 11ڈاکٹروں کے نام ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر وجہ بتائو نوٹس جاری کیا ہے جن میں ڈاکٹر طارق عبداللہ میر، ڈاکٹر مدثر مزمل،ڈاکٹر شاہد حمید، ڈاکٹر ملک سہیل ، ڈاکٹر عادل بشیر واسل، ڈاکٹر احمد وجید یوسف، ڈاکٹر شبیر احمد میر، ڈاکٹر مفید احمد بٹ،ڈاکٹر افتخار احمد دگا، ڈاکٹر عادل اشرف اور ڈاکٹر رئیس احمد ہلا کے نام شامل ہیں۔ ان ڈاکٹروں سے کہہا گیا ہے کہ وہ اسی صورت میں اپنی دیوٹی پر واپس آسکتے ہیں اگر وہ تحریری طور پر بیان حلفی پیش کریں کہ وہ کم سے کم 5سال تک اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے رہیں گے۔