سانبہ//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے ضلع سانبہ کے دیہات میں پینے کے صاف پانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام رہنے پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ضلع سانبہ کے کالی بڑی علاقہ میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے کہاکہ کالی بڑی علاقہ اور دیگر گاؤں میں ترقی ابھی بھی خواب ہے۔ اس پروگرام میں اپنی پارٹی ضلع صدر سانبہ رمن تھاپا، اپنی ٹریڈ یونین ضلع صدر سانبہ سنی سمبیال ودیگران بھی موجود تھے۔ منجیت سنگھ نے کہا’’لوگ آج بھی بنیادی سہولیات، پانی اور بجلی کی شکایات کرتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے عوام سے جو وعدے کئے تھے، اُنہیں عملی جامہ نہیں پہنایاگیا‘‘۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو یہ جاننا چاہئے کہ صحیح معنوں میںاُن کی کون نمائندگی کر رہا ہے اور اُن سے کئے وعدوں کو وفا کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو جذباتی طور استحصال کیا اور اُن کے جذبات سے کھلواڑ کیا، تاہم اپنی پارٹی واحد جماعت ہے جوکہ سیاسی مفادات کی خاطر سماج کو تقسیم کرنے والی ایسی سیاسی جماعتوں کے خلاف کھڑی ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ لوگوں سے جھوٹے وعدے کرنے والی سیاسی جماعتوں کی پول کھل چکی ہے ، بھارتیہ جنتا پارٹی جوکہ جموں اور ڈوگروں کا مسیحیٰ ہونے کا دعویٰ کرتی تھی، لوگوں کا اعتماد کھوچکی ہے اور اپنی پارٹی میں سبھی خطوں سے لوگ شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔دریں اثناء سابقہ وزیر کی موجودگی میں درجنوں افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔