سرینگر//نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی صدارت میں غوثیہ ہسپتال خانیار میں روگی کلیان میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں ہسپتال کی کارکردگی اور مریضوں کو بہم پہنچائے جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ ساگر نے میٹنگ کے دوران ہسپتال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ ا ور ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ انہوں نے اس موقعے پر ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکس رے مشین ، ڈینٹل ایکسرے مشین ، ایئر کنڈیشن اور دیگر طبی ساز وسامان کی خریداری کیلئے 16لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ ہسپتال کے سپرانٹنڈنٹ نے میٹنگ میں بتایا کہ اپریل 2017سے آج تک ہسپتال کی OPDمیں ایک لاکھ 72ہزاراور آئی پی ڈی میں 2ہزار 9سومریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کیں گئی جبکہ اسی عرصے کے دوران 862بڑے جبکہ 956چھوٹے آپریشن عمل میں لائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران ہسپتال میں مختلف نوعیت کے 50ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے گئے جبکہ9ہزار کے قریب ایکس رے لئے گئے۔ علی محمد اس موقعے پر ہسپتال کے سپرانٹنڈنٹ کے علاوہ ڈاکٹر حضرات اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔