یو این آئی
غزہ//اسرائیلی فوج نے غزّہ کی پٹّی کے وسطی حصّے میں 2 مہاجر کیمپوں پر حملوں میں زیادہ تر عورتوں اور بچوں پر مشتمل 10 فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے۔اسرائیلی فوج نے غزّہ کی پٹّی کے وسطی حصّے میں واقع بریج مہاجر کیمپ اور نصیرات مہاجر کیمپ میں 2 رہائشی مکانات پر بمباری کی ہے۔بریج مہاجر کیمپ میں واقع مکان پر حملے میں عورتوں اور بچوں پر مشتمل 6 فلسطینی ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔شہید اور زخمی ہونے والوں کو دیر البلح کے اقصیٰ شہداء ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ مکان کے ملبے تلے دبے افراد کے لئے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔نصیرات مہاجر کیمپ میں “ابونار” کنبے کے مکان پر اسرائیلی حملے میں 4 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف کی طرف سے غزّہ کے جنوبی علاقے رفح پر حملے بند کرنے کا حکم سُنائے جانے کے باوجود اسرائیلی فوج نے مصبیح پر حملہ کیا ہے۔ حملے میں زخمی ہونے والوں کو یورپ ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اقتدار میں آیا تو غزہ جنگ رکوا دوں گا: ٹرمپ
یو این آئی
واشنگٹن// سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے معروف سابق مکس مارشل آرٹ فائٹر خبیب نُرماگومیڈوف کو یقین دلایا ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد غزہ میں جاری جنگ رکوادیں گے۔سوشل میڈیا پر ریپبلکن پارٹی کی طرف سے امریکہ کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق مکس مارشل آرٹ خبیب نُرماگومیڈوف کے ساتھ ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت سے متعلق بات کی جارہی ہے۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست نیوجرسی کے شہر نیوآرک میں پروڈینشل سینٹر میں منعقدہ یو ایف سی 302 ایونٹ میں شرکت کی، جہاں ان کی ملاقات سابق یو ایف سی لائٹ ویٹ چیمپئن سے ہوئی اور دونوں شخصیات کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔خبیب نُرماگومیڈوف نے ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ’میں جانتا ہوں آپ فلسطین جنگ رکوادیں گے‘، جس پر سابق امریکی صدر نے انہیں جواب دیا ’اقتدار میں آنے کے بعد میں یہ جنگ رکوادوں گا۔‘ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ خبیب کو یقین دہانی کروا رہے ہیں کہ اگر وہ انتخابات میں کامیاب ہوگئے تو غزہ میں جاری جنگ رکوا دیں گے۔یاد
رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد اسرائیلی حملوں میں اب تک 38 ہزار سے زائد فلسطینی بچے اور خواتین شہید ہوچکے ہیں۔اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو حکومت کی جانب سے تین مرحلوں پر مشتمل ایک معاہدے کی پیشکش کی تھی۔بائیڈن نے کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں جنگ بندی اور حماس کے زیر قبضہ کچھ یرغمالیوں کی واپسی ہو گی۔