عظمیٰ مایٹرنگ ڈیسک
تہران // غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات اس ہفتے نہیں ہوسکیں گے۔ایرانی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں پیشرفت نہ ہوئی تو ایران حملے کیلیے تیار ہے، غزہ میں مستقل جنگ بندی ایران کی اسرائیل پر جوابی کارروائی کو موخر کرسکتی ہے۔یاد رہے کہ قطر اور مصر نے اسرائیل اور حماس کو 15 اگست کو جنگ بندی مذاکرات کی دعوت دی تھی، حماس دوحہ مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔ایران نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے، اسرائیل پر اس ہفتے ایران کے حملے کی انٹیلی جنس اطلاعات ہیں۔دوسری طرف امریکا اور مغربی ملکوں نے ایران کو روکنے کیلیے سفارتی کوششیں تیز کردیں ہیں۔ادھرحماس کے پاس قید اسرائیلی یرغمالیوں میں سے مزید ایک شخص ہلاک اور 2 یرغمالی خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔عرب میڈیا کے مطابق حماس کی عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ دو الگ الگ واقعات میں ایک اسرائیلی یرغمالی ہلاک اور 2 یرغمالی خواتین زخمی ہوگئیں۔ترجمان ابوعبیدہ نے کہا کہ یہ واقعہ قیدیوں کے پہرے پر مامور افراد کی فائرنگ کے باعث پیش ا?یا تھا۔ اسرائیل اس ردعمل کا ذمہ دار ہے جس نے فلسطینیوں پر مظالم کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔القسام بریگیڈ کے ترجمان کے بیان میں ہلاک اور زخمی ہونے والے اسرائیلی یرغمالیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ ماہر طبیب کی زیرنگرانی یرغمالی خواتین کی زندگی بچانے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہیگاری نے یرغمالی کی ہلاکت اور زخمی ہونے سے بے خبر ہونے بتاتے ہوئے کہا کہ ایسے کسی واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔یاد رہے کہ حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں یرغمال قیدیوں کی تعداد 111 تھی جن میں سے اب تک 39 فوت ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر وہ ہیں جو اسرائیلی فوج کی بمباری میں جان سے گئے۔