سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے عید الفطر کے ایک مقدس موقع پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں ضرورتمندو ںاور حاجت مندوںکو کسی بھی صورت میں نہ بھولیں بلکہ عید کی خوشیوں میںانہیں بھی شامل کریں۔ایک بیان میں جمعیت نے کہا ہے کہ ہمارے قلوب جہا ں ایک جانب مسرتوں سے سرشار ہیں وہیں دوسری جانب اپنے گردو نواح میں درد و کرب کے مارے ہزاروں مصیبت کے ماروں کی آہ و بکا خون کے آنسوں رُلا رہی ہے۔ بیواؤں اوریتیموں کی لمبی قطاریں ہیں جن کی چیخ و پکار ہمارا سکھ چین چھین رہی ہیں۔ اس لئے ہم پر لازم ہے کہ عید کی مسرتوں میں ہم کسی بھی صورت میں ان کو نہ بھولیں اور عید کی خوشیوں میںانہیں بھی شامل کریں۔بیان کے مطابق جمعیت کے سبھی منصوبوں کی عمل آوری کے لئے اپنا روایتی اور مثالی تعاون قائم رکھئے۔ تعلیمی مراکز اور فلاہی و طبی اداروںکومضبوط بنانے کیلئے گرمجوشی سے تعاون کریں۔ادھر انجمن تبلیغ الاسلام کے صدر مولانا سید فرید الرحمان بخاری نے عید کے موقع پر اہلِ اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ عید کی تقریب سعید نہایت ہی سادگی کے ساتھ منائیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مبارک دن پر اپنے غریب، مستحق اور ناگہانی وبائی بیماری سے متاثرہ لوگوں کی ہر قسم کی معاونت کریں۔