سرینگر//متحدہ مجلس علماء، تحریک مزاحمت، مسلم لیگ،دختران ملت، نیشنل فرنٹ، پیپلز لیگ،سالویشن مومنٹ،ماس مومنٹ، پیپلز فریڈم لیگ اور تحریک استقامت نے امت مسلمہ بالعموم اور کشمیری عوام کو بالخصوص عید پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں تک جموںوکشمیرمیں عید سعیدکی تقریب منانے کا تعلق ہے تو اس سال بھی کشمیری عوام اس عزم اور یقین کے ساتھ یہ دن منارہے ہیں کہ ہماری بے پناہ جانی و مالی قربانیاں ضروررنگ لائیں گی۔متحدہ مجلس علماء کے امیر اورحریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے عالم اسلام سمیتاہالیان کشمیر کو دل کی عمیق گہرائیوں کے ساتھ عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل عید الفطر اپنے اندر ایک ایسا حیات آفریں پیغام رکھتی ہے جس سے عالم انسانیت کی بہار وابستہ ہے اور فی الحقیقت عید کے مبارکباد کے وہی لوگ مستحق ہیں جنہوں نے ماہ رمضان اور ماہ قرآن کا کما حقہٗ حق ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک جموںوکشمیرمیں عید سعیدکی تقریب منانے کا تعلق ہے تو اس سال بھی کشمیری عوام اس عزم اور یقین کے ساتھ یہ دن منا رہے ہیں کہ ہماری عظیم اور بے پناہ جانی و مالی قربانیاں عنقریب رنگ لائیں گی اور ہم ضرور اپنا ہدف اور منزل حاصل کرکے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام سمیت مختلف مسلم آبادی والے ممالک جیسے فلسطین ، افغانستان، عراق، شام ، یمن اور کشمیر کے مسلمان جن پر آشوب حالات سے دوچار ہیں اور جہاں نہتے اور معصوم عوام کا قتل عام تسلسل کے ساتھ جاری ہے ،ہمیں عید سعید اس تاریخی مرحلہ پر یہی پیغام دیتی ہے کہ امت مسلمہ اسلام مخالف اور باطل قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہر سطح پر اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کریں۔ انہوںنے مزید کہا’’ امید ہے کہ عید کے موقع پرمعاشرہ کے غریب ، پسماندہ طبقوں اور کنبوں کی ہر سطح پر صاحب خیر اور صاحب حیثیت افراد مدد کریں گے اورموجودہ حالات کے پیش نظر عیدکی تقریب انتہائی سادگی سے منائیں گے۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی ،مسلم لیگ ترجمان سجاد ایوبی ،دختران ملت ترجمان رفعت فاطمہ ،نیشنل فرنٹ ترجمان ،پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری، پیپلز لیگ کے ایک اور دھڑے کے چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا ،سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ ،ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی،پیپلز فریڈم لیگ چیئرمین محمد فاروق رحمانی اور تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کے اس موقع پر بیواؤں ،مفلسوں اور ناداروں کو نہ بھولیں ۔مزاحمتی جامعتوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید سادگی سے منائیں۔