عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں لوگوں کی بھاری شرکت پر عوام بالخصوص نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ انتخابی عمل پر لوگوں کا اعتماد بحال ہوگیا ہے جو پہلے ختم ہوگیا تھا۔موصولہ بیان کے مطابق پارٹی رہنمائوں نے جموں و کشمیر میں انتخابات کے بعد کے منظر نامے اور صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری کی قیادت میں منعقد کی۔میٹنگ میں پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، پارٹی کی پارلیمانی امور کمیٹی کے چیئرمین محمد دلاور میر، جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر محمد اشرف میراور ترجمانِ اعلیٰ منتظر محی الدین موجود تھے۔ پارٹی رہنمائوں نے جموں و کشمیرکی موجودہ سیاسی صورتحال اور حالیہ انتخابات کا جائزہ لیا اور تبادلہ خیالات کیا۔ انہوں نے کہا ’’انتخابات میں عوام کی بھرپور اور پْرجوش شرکت واقعی ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے، جو کئی دہائیوں بعد دیکھنے کو ملی ہے۔ لوگوں کی بھرپور شرکت سے عندیہ ملتا ہے کہ جمہوری عمل پر عوام کا اعتماد بحال ہوگیا ہے۔‘‘پارٹی رہنمائوں نے اس کا سہرا عوام کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کو دیتے ہوئے کہا ’’الیکشن کمیشن نے پہلے یہاں کامیابی کے ساتھ شفاف پارلیمانی انتخابات کرائے اور اب اس بات کو بھی یقینی بنایا گیا کہ اسمبلی انتخابات پْرامن ماحول میں ہوں اور شفاف طریقے سے منعقد ہوں‘‘۔اجلاس میں پارٹی لیڈران نے بعض اہم تنظیمی امور اور عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیالات کیا۔