عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام//قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئر لیڈر سنیل شرما نے ناربل میںپارٹی امیدوار آغا محسن کی حمایت میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا۔شرما نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے نیشنل کانفرنس کی دہائیوں کی دھوکہ دہی اور خاندانی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور اب وہ ترقی یافتہ اور خوشحال جموں و کشمیر کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کے پیچھے چل رہے ہیں۔شرما نے زور دے کر کہا’’ 14نومبر کو، عوام بڈگام کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب لکھیں گے۔ این سی کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور بی جے پی فاتح بن کر ابھرے گی کیونکہ لوگوں نے کھوکھلے وعدوں اور حقیقی ترقی کے درمیان فرق کو دیکھا ہے‘‘۔اپوزیشن پر سخت حملہ کرتے ہوئے ایل او پی سنیل شرما نے گرج کر کہا’’وہ پیدا نہیں ہوئے جو کشمیر میں بی جے پی کو روکیں گے۔ کشمیر کے لوگوں نے اپنا ذہن بنا لیا ہے۔خوف اور جھوٹ کا دور ختم ہو گیا ہے۔ اب، وادی کے ہر گائوں اور قصبے میں کمل کھلے گا‘‘۔